اہم نکات
پاکستان کے متعدد علاقوں میں 17 جولائی تک موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی
برطانیہ کا پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ای ویزا سہولت کا اعلان
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر چینی صدر سے ملاقات
وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات
سینیٹ کا اجلاس آج شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب
پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون رکن اسمبلی نے ورک پلیس یعنی کام کرنے کی جگہ پر ہراسانی کی درخواست سپیکر پنجاب اسمبلی کو جمع کرا دی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے دفتر نے اردو نیوز کو مسلم لیگ ن کی راحیلہ خادم حسین کی جانب سے ورک پلیس ہراسانی کی درخواست جمع کروانے کی تصدیق کی۔
اس درخواست کے ساتھ راحیلہ خادم حسین نے اپوزیشن کے معطل 26 ارکان میں سے چار ارکان کی آڈیو ریکارڈنگ بھی جمع کروائی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپوزیشن ارکان اسمبلی نے انتہائی غیر پارلیمانی زبان استعمال کی جبکہ اپوزیشن کی خاتون رکن اسمبلی بھی گالیاں دینے میں پیش پیش رہیں، ورک پلیس پر ہراساں کیا۔
انہوں نے درخواست میں استدعا کی اپوزیشن نے رولز آف پروسیجرز 223 کی پاسداری نہ کرتے ہوئے حلف کی خلاف ورزی کی، لہٰذا نااہلی کے سوال پر سپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ دیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلی مریم نواز کی تقریر کے دوران تحریک انصاف کے اپوزیشن اراکین نے مبنیہ طور پر نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے جس کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 اراکین پر اگلے پندرہ سیشنز کے لیے پابندی عائد کرتے ہوئے ان کی رکنیت معطل کر دی تھی۔
پنجاب اسمبلی میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کہ ایک خاتون رکن اسمبلی نے مرد اراکین پر ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے۔
ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن و استحکام چاہتے ہیں لیکن طاقت کا بےدریغ استعمال قبول نہیں، وزیر خارجہ اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن و استحکام کا رشتہ چاہتا ہے تاہم گزشتہ تین ماہ میں جنوبی ایشیا میں انتہائی پریشان کن پیش رفت دیکھنے میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ بغیر معتبر تحقیقات یا تصدیقی ثبوت کے پہلگام حملے کو پاکستان سے جوڑنا افسوسناک ہے، جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں ممالک کو ایک بڑے تنازعے کے دہانے پر پہنچا دیا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان جنگ بندی اور مستحکم علاقائی توازن کے لیے پرعزم ہے تاہم طاقت کے بےدریغ استعمال کو معمول بنا لینا قبول نہیں ہے۔
’ہم سمجھتے ہیں کہ تنازعات اور اختلافات جبر کے بجائے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیے جاتے ہیں۔ اس تناظر میں، ایک جامع اور منظم بات چیت کا آغاز ان تمام مسائل کو حل کر سکتا ہے جو طویل عرصے سے جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے حوالے سے پریشانی کا باعث ہیں۔ اس سلسلے میں دوطرفہ معاہدوں پر سختی سے عمل درآمد بھی ضروری ہوگا۔‘
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے کہا کہ 1967کی سرحدوں اور بیت القدس کو بطور دارالحکومت دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں، متنازع علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنے کی یک طرفہ کوششوں کی مخالفت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متنازعہ علاقوں کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی سختی سے مذمت اور مخالفت کرتے ہیں۔
چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات
چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجافری سجام الدین نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون پر زور دیا گیا۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فوج کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے لیے انڈونیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔
ریحام خان کا پاکستان ریپبلک پارٹی کے نام سے سیاسی جماعت کا اعلان
عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے پاکستان ریپبلک پارٹی کے نام سے اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ریحام خان نے کہا کہ نئی سیاسی جماعت عوام کی اواز بن کر حکمرانوں کا پیچھا کرے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدو جہد کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب کو میں نے زبان دی تھی کہ کسی بھی سیاسی اقدام کا آغاز یہاں سے کروں گی، میرے برے حالات میں کراچی پریس کلب میرے ساتھ تھا۔
ریحام خان کی 2018 میں سابق وزیراعظم عمران خان سے شادی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا
الیکشن کمیشن نے منگل کو جمشید دستی کی نااہلی سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جمشید دستی کو دو بنیادوں پر نااہل قرار دیا گیا ہے، انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرواتے ہوئے اپنے اثاثے چھپائے اور اپنی تعلیم ایف اے پاس ظاہر کی جبکہ بہاولپور بورڈ آف انٹرمیڈیٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ان کے سرٹیفیکیٹ کو جعلی قرار دے چکا ہے۔ا
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ جمشید دستی نے کمیشن کے سامنے غلط بیانی کی، جمشید دستی کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ہیں۔
فیصلے کے بعد جمشید دستی کی نشست این اے 175 مظفر گڑھ خالی قرار دے دی گئی۔
’مناسب وقت دینا ضروری‘، سپریم کورٹ نے ایف بی آر کا ریکوری نوٹس غیرقانونی قرار دے دیا
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ کمشنر انکم ٹیکس کا ایک ہی دن میں اپیل کا فیصلہ اور ریکوری نوٹس جاری کرنا انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔
منگل کو جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایف بی آر کی اپیل کی درخواستیں خارج کر دیں۔
سپریم کورٹ نے نجی کمپنی سے 2.92 ارب روپے کا انکم ٹیکس ریکوری نوٹس ختم کرنے کا ہائیکورٹ کا فیصلہ درست قرار دے دیا، جبکہ ایک اور نجی ائیر لائن کمپنی پر 1.88 ارب روپے کی ودہو لڈنگ ٹیکس وصولی کی کارروائی بھی کالعدم قرار دے دی۔
سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے سنگل جج کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سیکشن 140 کے تحت ریکوری نوٹسز کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سیکشن 140 کے تحت بینکوں کو فوری ادائیگی کے نوٹس دینا قانون کی منشا کے خلاف ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ’by the date‘ کا مطلب ہے ’مناسب وقت دیا جائے‘ نہ کہ ’اسی دن‘ ادائیگی کی شرط ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا ریکوری سے پہلے قانونی حقوق، شنوائی اور وقار کا تحفظ ضروری ہے، کمشنر ان لینڈ ریونیو کا رویہ اختیارات کے آمرانہ استعمال کے مترادف ہے۔
سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ ایف بی آر اپنا مؤقف ثابت کرنے میں ناکام رہا، نوٹس جاری کرنے اور رقوم نکالنے کا عمل خلاف قانون ہے جبکہ نوٹس ملنے کے بعد ادائیگی کرنا یا مناسب فورم پر اپیل کرنا قانونی حق ہے۔
برطانیہ کا آج سے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ای ویزا سہولت کا آغاز
برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ پاکستان سے برطانیہ جانے والے طلبہ اور پیشہ ور افراد کو آج منگل سے پاسپورٹ پر سٹیکر ویزا کی ضرورت نہیں ہو گی۔
ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانوی حکومت نے زیادہ تر طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ویزا کی فزیکل امیگریشن دستاویزات کی جگہ ڈیجیٹل امیگریشن سٹیٹس یعنی ای ویزا متعارف کرایا ہے۔ ای ویزا کسی فرد کی برطانیہ میں امیگریشن کی اجازت اور اس سے منسلک شرائط کا آن لائن ریکارڈ ہوتا ہے، جسے یو کے ویزا اینڈ امیگریشن (یو کے وی آئی) کے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کر کے دیکھا جا سکتا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ چھ ماہ سے زیادہ کی میعاد کے لیے اپلائی کرنے والے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ای ویزا کی سہولت شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سہولت ویزے کے عمل کو سادہ اور محفوظ بنائے گی جبکہ اس دوران پاسپورٹ درخواست گزار کے پاس ہی رہے گا، یعنی جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
اسلام آباد سیشن کورٹ نے ایک اور یوٹیوب چینل کی بندش کا حکم معطل کر دیا
اسلام آباد سیشن کورٹ نے ایک اور صحافی کے یوٹیوب چینل کی بندش کا حکم معطل کر دیا ہے۔
منگل کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
عدالت نے حبیب اکرم کے ٹیوب چینل کی بندش کا حکم معطل کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو 21 جولائی کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے گزشتہ دنوں صحافی مطیع اللہ جان اور اسد طور سمیت 7 یوٹیوب چینلز کی بندش کا حکم بھی معطل کیا تھا
خیال رہے جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے 27 یوٹیوب چینل بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔
پاکستان کے متعدد علاقوں میں 17 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل سے 17جولائی کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، مری، گلیات، کوہستان،ایبٹ آباد، بونیر، صوابی، نوشہرہ، مردان، اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، بالائی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اورکشمیر کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
ملک کے متعدد علاقوں صوبہ خیبرپختونخوا، پنجاب، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد ،شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان اورجنوب مشرقی/بالائی سندھ میں بیشتر مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ آج بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، خا نیوال، سا ہیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کو ٹ ادو، تونسہ، را جن پور، بہاولپور، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیرِ آب آنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ آندھی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کے خلاف نامناسب الفاظ، عدالت نے شہری کے خلاف مقدمہ ڈسچارج کر دیا
لاہور میں گزشتہ ہفتے مون سون بارشوں کے دوران سوشل میڈیا پر ایک شہری کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے وزیر اعلٰی مریم نواز سمیت حکومتی شخصیات کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ساجد نامی شہری کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا تاہم آج منگل کو تھانہ گرین ٹاؤن کی پولیس نے انہیں ماڈل ٹاؤن کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ شہری کے خلاف تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ عدالت نے سماعت کرتے ہوئے شہری کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا اور انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
رہائی کے بعد شہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جذبات کا اظہار ہر پاکستانی کا حق ہے اور ہر ادارہ ہمارے لیے قابل عزت و احترام ہے۔
پاکستان کی معیشت استحکام کے راستے پر، ریٹنگ میں بہتری کی امید: وزیر خزانہ کی موڈیٰز ٹیم کو بریفنگ
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے موڈیز ریٹنگ ایجنسی کو پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی ایجنڈے اور استحکام کی جانب پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق منگل کو ورچوئل بریفنگ کے دوران وزیر خزانہ نے موڈیز ٹیم کو آئی ایم ایف پروگرام کے کامیاب اختتام اور دوسری قسط کی فراہمی سے متعلق آگاہ گیا۔
وزیر خزانہ نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو میں بہتری کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات، نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور سخت نگرانی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم ذاتی طور پر ان اصلاحات کی نگرانی کر رہے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ طبقات کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور لیکجز بند کی جائیں۔
بیان کے مطابق وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم نے موڈیٰز کے سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیے اور یقین دلایا کہ پاکستان اپنی معاشی اصلاحات، نجکاری، سرکاری اداروں کی تنظیم نو اور حکومتی ڈھانچے میں بہتری کے ایجنڈے پر پوری سنجیدگی سے عمل پیرا ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات
نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق منگل کو چینی صدر نے وفود کے سربراہان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایس سی او کے دائرہ کار میں علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ کے عظیم ہال میں قرغزستان کے وزیرِ خارجہ کولوبایف ژینبیک مولڈوکانووچ سے بھی ملاقات کی۔
اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ’صدر شی جن پنگ سے بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‘
’آہنی بھائیوں اور ہر موسم کے سٹریٹجک شراکت داروں کے طور پر ہم پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی کو مزید گہرا کرنے اور باہمی علاقائی مقاصد کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔‘
وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ایران تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ نے سب سے پہلے ایران پر جنگ مسلط کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی اور ایران کے اپنے دفاع کے جائز حق کی حمایت کی۔
اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے دوران جس طرح ساتھ دیا وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ صہیونی حکومت مسلم ممالک کے درمیان تقسیم اور کمزوری پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
صدر مملکت نے سینیٹ کا اجلاس آج منگل کو طلب کر لیا
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ کا اجلاس آج منگل کی سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر نے آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے ایوان بالا کا اجلاس طلب کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ایوان بالا کے اجلاس سے پہلے ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا بھی اجلاس ہوگا جس میں اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔