طائف میں سعودی ہل کلائمبنگ چیمپئن شپ کا دوسرا مرحلہ شروع
ہفتہ 19 جولائی 2025 11:07
’دوسرے مرحلے میں 54 مرد و خواتین رائیڈرز 11 مختلف زمروں میں حصہ لے رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی ہِل کلائمبنگ چیمپئن شپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج طائف میں ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی ہِل کلائمبنگ چیمپئن شپ وزارت کھیل کی نگرانی میں سعودی آٹو موبائل اینڈ موٹربائیک فیڈریشن کے زیراہتمام اور سعودی ریس آرگنائزرز کلب کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔
چیمپئن شپ کا مقصد مملکت میں موٹرسپورٹس کے کلچر کو فروغ دینا اور رائیڈرز کی مہارتوں کو ترقی دینا ہے، وہ بھی ایسے فریم ورک کے تحت جو اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کی پاسداری کرتا ہو۔

دوسرے مرحلے میں 54 مرد و خواتین رائیڈرز 11 مختلف زمروں میں حصہ لے رہے ہیں۔
چیمپئن شپ کی سرگرمیوں کا آغاز آج جمعہ سے ہو چکا ہے جس میں انتظامی جانچ پڑتال، گاڑیوں کا تکنیکی معائنہ اور شرکا کے لیے بریفنگ سیشن شامل تھے۔
جبکہ شام کو شائقین کی بڑی تعداد کی موجودگی میں فری پریکٹس ریس بھی منعقد ہوئی۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اس مرحلے کے مقابلے غیر معمولی حد تک چیلنجنگ ہوں گے کیونکہ ریس کا راستہ تکنیکی طور پر مشکل نوعیت کا ہے جس کے لیے نہایت باریک اور اعلیٰ مہارتوں والی ڈرائیونگ درکار ہے۔