Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی سی سی نے غزہ کا محاصرہ ختم کرکے امداد داخل کرنے کا مطالبہ کردیا

’انسانی امداد کو داخل ہونے سے روکنے کے نتیجے میں سنگین انسانی المیہ پیدا ہوا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد بديوی نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ پر جاری ظالمانہ، غیر انسانی اور غیر قانونی محاصرے کی شدید مذمت اور سخت الفاظ میں احتجاج کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’انسانی امداد کی ہر شکل کو داخل ہونے سے روکنے کے نتیجے میں سنگین انسانی المیہ پیدا ہوا ہے جو قحط، غذائی و طبی سامان کی کمی کی صورت میں ظاہر ہو رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ سب کچھ بین الاقوامی انسانی قوانین، جنیوا کنونشنز اور انسانی حقوق کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی برادری کے لیے ایک واضح چیلنج ہے‘۔
انہوں نے زور دیا ہے کہ ’خلیج تعاون کونسل اسرائیلی قابض افواج کو غزہ کی پٹی میں جاری اس انسانی بحران کا مکمل ذمہ دار سمجھتا ہے‘۔
’غزہ کے بھائیوں کے خلاف اجتماعی بھوکا رکھنے کی پالیسی جو جنگی جرم ہے اور بین الاقوامی برادری کی فوری جوابدہی کی متقاضی ہے‘۔
انہوں نے تمام ممالک، اداروں اور تنظیموں پر مشتمل بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وحشیانہ محاصرے کو فوری اور سنجیدگی سے ختم کرنے، قتل و بھوک کو روکنے، فوری انسانی امداد کے داخلے کو یقینی بنانے اور راستوں کو تاخیر کے بغیر کھولنے کے لیے اقدام کرے تاکہ معصوم جانوں کو یقینی تباہی سے بچایا جا سکے‘۔

شیئر: