Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لگژری ریستورانوں کے لیے نئے ضوابط مقرر

’گاڑی پارک کرنے کی سہولت فراہم کریں گے، مہمانوں کے لباس کے قواعد مقرر کریں کریں گے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارتِ بلدیات و ہاؤسنگ نے سعودی عرب میں لگژری ریستورانوں کے لیے نئے ضوابط جاری کئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئے ضوابط سے لگژری ریستورانوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور کاروباری ماحول بہترہونے کے ساتھ سروس کا معیار بلند ہوگا۔
نئے ضوابط کے تحت لگژری ریستورانوں پر لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ مکمل میزبانی خدمت فراہم کرتے ہوئے مہمان کا دروازے سے لے کر میز تک خیر مقدم  کریں۔
گاڑی پارک کرنے کی سہولت فراہم کریں۔ اس کے علاوہ مہمانوں کے لباس کے لیے قواعد مقرر کریں کریں گے۔
 کیشیئر کاؤنٹر کو نمایاں طور پر دکھائی دینے سے منع کیا گیا ہے۔
نئے ضوابط میں لگژری ریستورانوں کوڈرائیو تھرو سروس کی ممانعت ہے۔ وزارت کا مؤقف ہے کہ تجربہ ہی لگژری ریستوران کا جوہر ہے جو فوری سروس یا باہر کی کھڑکیوں کے ذریعے فراہم نہیں کیا جا سکتا۔
نئے ضوابط میں دیگر لازمی معیارات کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں ڈیجیٹل ریزرویشن سسٹم، شکایات وصول کرنے کے ذرائع، مشروبات کی تیاری کا ایک علیحدہ اور نظر آنے والا گوشہ اور کم از کم تین مرکزی حصوں (پیش خوراک، اہم کھانے، اور میٹھے) پر مشتمل مینو جس میں ہر حصے میں کم از کم پانچ اقسام ہوں۔
وزارت نے یہ بھی لازمی قرار دیا کہ ریستوران میں ایک سند یافتہ صحت و خوراک سلامتی ماہر موجود ہو، کوٹ ٹانگنے کے لیے الماری، بیگ رکھنے کے لیے اسٹینڈ اور آن لائن آرڈرز وصول کرنے کے لیے ایک علیحدہ علاقہ ہو جو مہمانوں کی نظر سے اوجھل ہو۔
 اس کے علاوہ ایک ہی شہر میں ریستوران کی برانڈنگ ایک سے زیادہ شاخوں میں دہرانے کی بھی ممانعت ہے۔

شیئر: