سعودی ریلوے کے 6 ماہ میں 2100 ٹرپس، 7.9 ملین افراد کو سفر کی سہولت
یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی ریلوے ’سار‘ نے 2025 کی پہلی ششماہی میں ریکارڈ آپریشنل نتائج کا اعلان کیا ہے۔
مملکت کے شمالی، مشرقی نیٹ ورکس اور حرمین ایکسپریس سے 2100 سے زیادہ ٹرپس کے ذریعے 79 لاکھ 33 ہزار 758 مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سار نے بیان میں کہا کہ یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔
حرمین ٹرین کے ذریعے 1.2 ملین اور مشاعر ٹرین کے ذریعے 1.8 ملین حجاج کو منتقل کیا گیا۔ مجموعی طور پر 2100 سے زیادہ ٹرپس کیے گئے۔
کارگو سیکٹر میں اس سال کی پہلی ششماہی میں ایک کروڑ 49 لاکھ 32 ہزار 157 ٹن معدنیات اور دیگر تجارتی سامان کو منتقل کیا گیا،جو 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ ہے۔
اس سے مملکت کی سڑکوں پر 7 لاکھ سے زائد ٹرکوں کی آمد ورفت کو کم کرنے میں مدد ملی۔ 72 ملین لٹر ایندھن کی بچت اور 190 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی ہوئی۔
سعودی ریلوے کے سی ای او ڈاکٹر بشار بن خالد المالک نے کہا کہ یہ اعداد وشمار قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک حکمت عملی کے ساتھ موثر ٹرانسپورٹ حل فراہم کرنے کےعزم کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے کاربن کے اخراج، روایتی ٹرکوں پر انحصار میں کمی اور شہروں میں معیار زندگی بہتر بنانے والے صاف ستھرے متبادل کے ذریعے سعودی گرین انیشیٹو کو آگے بڑھانے میں سار کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔
