ملک کے 8 ریجنوں میں غبار، تیز ہوا اور شدید گرمی
’متعدد شہروں میں حد نگاہ متاثر ہوگی جبکہ ہائی وے کا سفر خطرناک ہوسکتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج منگل کو ملک کے 8 ریجنوں میں گرد وغبار، تیز ہوا اور گرمی کی لہر جاری رہے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’متعدد شہروں میں حد نگاہ متاثر ہوگی جبکہ ہائی وے کا سفر خطرناک ہوسکتا ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’گرد و غبار سے ریاض اور مشرقی ریجن سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جہاں گرد کے ساتھ گرمی کی شدید لہر جاری ہے‘۔
’ریاض ریجن کے بیشتر شہروں میں شام 8 بجے تک حد نگاہ متاثر ہوگی جبکہ دن کے وقت 48 ڈگری تک گرمی رہے گی‘۔
’مشرقی ریجن کے شہر دمام، الخبر، الجبیل، الظہران اور دیگر میں بھی شدید گرمی ہوگی جبکہ گرد آلود خشک اور تیز ہوا چلے گی‘۔
مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے سے محکمے نے کہاہے کہ ’طائف، میسان، اضم اور اللیث و دیگر میں شام 8 بجے تک گرد کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوگی جبکہ بعض علاقوں میں تیز ہوا چلے گی‘۔
’مدینہ منورہ ریجن کی بھی یہی کیفیت ہے جہاں المہد اور وادی الفرع میں گرد آلود تیز ہوا چلے گی اور حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔