زمین کی تاریخ کا مختصر ترین دن آج، گردش میں تیزی کیوں؟
منگل 22 جولائی 2025 13:50
’اس کی وجہ زمین کے اپنے محور کے گرد گردش میں غیر معمولی تیز رفتاری ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ارضیات اور فلکیات کے ماہرین نے اعلان کیا ہے کہ آج منگل کا دن زمین کی تاریخ میں سب سے مختصر دن ہو سکتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حیران کن اور دلچسپ سائنسی پیشرفت کے اعلان کے ساتھ ماہرین نے کہا ہے کہ ’آج کا دن صرف دو ہفتے پہلے قائم ہونے والا ریکارڈ توڑ دے گا‘۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ ’اس کی وجہ زمین کے اپنے محور کے گرد گردش میں غیر معمولی تیز رفتاری ہے‘۔

ماہرین نے بتایا ہے کہ ’درست پیمائش کے مطابق زمین نے 10 جولائی کو اپنا چکر معمول سے 1.36 ملی سیکنڈ کم وقت میں مکمل کیا جبکہ عام دن کی طوالت 86400 سیکنڈ (یعنی بالکل 24 گھنٹے) ہوتی ہے‘۔
’ یہ گزشتہ ریکارڈ سے بھی کم ہے جو 9 جولائی کو قائم ہوا تھا جب دن 1.3 ملی سیکنڈ کم تھا‘۔
’اگرچہ ایک ملی سیکنڈ یعنی ایک سیکنڈ کا ہزارواں حصہ ناقابلِ محسوس وقت لگتا ہے مگر اتنے معمولی فرق کو بھی صرف انتہائی حساس ایٹمی گھڑیوں کے ذریعے ناپا جا سکتا ہے‘۔

’یہ گھڑیاں ’Length of Day - LOD‘ کے نام سے معروف سائنسی پیمائش کی مدد سے زمین کے ایک مکمل چکر کی مدت معلوم کرتی ہیں‘۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ معمولی فرق بھی ان نظاموں پر اثر انداز ہو سکتا ہے جو نہایت درست وقت کے محتاج ہوتے ہیں، جیسے جی پی ایس، مصنوعی سیارے اور عالمی وقت کے معیارات۔

ابھی تک زمین کی گردش میں اس اچانک تیزی کی حتمی سائنسی توجیہ نہیں دی جا سکی تاہم پیش کی گئی مفروضات میں چاند کی کششِ ثقل کے اثرات، فضائی تغیرات، قطبی برفباری کا پگھلنا، زمین کے مرکزی دھاتوں کی حرکت اور مقناطیسی میدان کی کمزوری شامل ہیں۔
اس ضمن میں ناسا کی حالیہ مطالعات نے اس امکان کی طرف اشارہ کیا ہے کہ زمین چاند کے ساتھ ایک ایسی حالت میں داخل ہو رہی ہے جسے مداری توازن کی حالت ’Orbital Equilibrium Point‘ کہتے ہیں اور یہ زمین کو گردش کو معمولی سا تیز کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔