غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے 26 ممالک کے بیان کا خیر مقدم
منگل 22 جولائی 2025 13:14
’امداد کی روک تھام اور شہریوں کو ان کی بنیادی ضروریات حاصل کرنے کے دوران نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب نے ان 26 بین الاقوامی شراکت داروں کے جاری کردہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے جنہوں نے غزہ پر جنگ کے فوری خاتمے، انسانی امداد پر عائد تمام پابندیوں کے خاتمے اور امداد کو محفوظ طریقے سے غزہ کے شہریوں تک جلد از جلد پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بیان میں مقبوضہ علاقوں میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور توسیع شدہ اسرائیلی آبادکاری کو بھی مسترد کیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے ایک بار پھر اسرائیلی قابض حکام کی غیر انسانی روش کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’امداد کی روک تھام اور شہریوں کو ان کی بنیادی ضروریات جیسے خوراک، دوا اور پانی حاصل کرنے کے دوران نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے‘۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی ہٹ دھرمی کے مقابلے میں فوری، مؤثر اور عملی فیصلے اور اقدامات کرے کیونکہ اسرائیل دانستہ طور پر بحران کو طول دے رہا ہے اور تمام علاقائی و بین الاقوامی امن کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔