سعودی وزارت ثقافت نے وزارت تعلیم کے تعاون سے مملکت میں ’آرٹس اینڈ کلچر اکیڈمی‘ کا آغاز کیا ہے جو مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا سرکاری سکول ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد باصلاحیت سعودی نوجوانوں کی شناخت اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے۔
اکیڈمی اپنے پہلے تعلیمی سال 2026 – 2025 کے دوران ریاض اور جدہ میں داخلے دے گی۔
ریاض کے النخیل ڈسٹرکٹ میں بوائز اور جدہ کے الشراع ڈسٹرکٹ میں گرلز کے لیے سکول قائم ہوگا۔
مزید پڑھیں
-
موسیقی کی رسمی تربیت دینے والا طائف کا پہلا میوزک سکولNode ID: 633181
-
ثقافتی شعبے میں تربیت اور روزگار بڑھانے کے لیے معاہدہNode ID: 770961
پہلے مرحلے میں پرائمری (فورتھ گریڈ) اور انٹرمیڈیٹ (فرسٹ گریڈ) کے باصلاحیت طلبہ کو داخلے دیے جائیں گے۔
اکیڈمی میں وزارت تعلیم کے منظور شدہ نصاب کے ساتھ ثقافت و فنون کے خصوصی پروگراموں کو یکجا کیا گیا ہے جو طلبہ کو متوازن اور تخلیقی تعلیمی ماحول فراہم کریں گے۔
ابتدائی طور پر ثقافتی پروگراموں میں ڈرائنگ، تھیٹر، اداکاری، موسیقی اور گلوکاری شامل ہوں گے۔ منصوبے کو مملکت کے تمام ایجوکیشن لیول اورعلاقوں تک پھیلایا جائے گا۔
سکول کے دن کو دو سیشنز میں تقسیم کیا گیا ہے، مارننگ میں پہلا سیشن اکیڈمک ورک کےلیے ہے جبکہ آفٹرنون کو دوسرا سیشن ثقافتی سرگرمیوں کےلیے مختص ہوگا۔
داخلے کے لیے تین مراحل ہیں، ان میں آن لائن رجسٹریشن، کارکردگی کا جائزہ اور انٹرویو شامل ہے۔ کامیاب امیدواروں کو نشستوں کی دستیابی کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔