Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسیقی کی رسمی تربیت دینے والا طائف کا پہلا میوزک سکول

سعودی عرب کے مزید چھ شہروں میں میوزک سکول کھولے جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے شہر طائف میں موسیقی کا شوق رکھنے والوں کے لیے ایک نیا سکول کھولا گیا ہے جہاں مقامی ہنر کی تلاش کی غرض سے مخلتف آلات کو سکھانے کے علاوہ موسیقی کی رسمی ٹریننگ دی جاتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ’نہاوند‘ کے نام سے کھولا گیا میوزک سینٹر موسیقی کے مشرقی اور مغربی  آلات میں ٹریننگ دیتا ہے۔
اس سینٹر کا نام دراصل ایک مقامی دھن پر رکھا گیا ہے جو اکثر عربی گانوں میں استعمال ہوتی ہے۔
میوزک سنٹر کے بانی انس بن حسین نے عرب نیوز کو بتایا کہ سعودی عرب میں رومانوی اور پرجوش قسم کی موسیقی کے لیے ’مقام‘ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے جو نامور سعودی گلوکاروں کے نزدیک کافی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مخصوص دھن مغربی آلات پر بھی بجائی جا سکتی ہے۔
’اس سے میوزک سنٹر کے نقطہ نظر کی بھی نمائندگی ہوتی ہے جو مغربی اور مشرقی آلات میں مشترکہ ٹریننگ دینا چاہتے ہیں۔‘
انس بن حسین نے بتایا کہ ’نہاوند‘ سنٹر کا مقصد میوزک کے طالب علموں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں سے وہ ایک دن عالمی سٹیج پر بھی پرفارم کر سکیں گے۔
’ہمارا ارادہ ہے کہ سعودی اورکیسٹرا تیار کیا جائے جو بین الاقوامی میوزک ایونٹس میں حصہ لے۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ سنٹر میں کورسز اس طرح سے تشکیل دیے گئے ہیں کہ طلبہ کو آلات سکھانے کے علاوہ میوزک کی مکمل تعلیم دی جائے۔

نہاوند میوزک سکول میں مشرقی اور مغربی آلات کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

سینٹر میں طلبہ کومختلف آلات پر بین الاقوامی دھنیں بجانے کی ٹریننگ کے علاوہ میوزک پڑھنابھی سکھایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ عربوں کا مقامی موسیقی کا آلہ ’عود‘ بجانے کی ٹریننگ بھی دی جاتی ہے۔
میوزک کی مکمل تعلیم حاصل کرنے کے بعد طلبہ برطانوی ادارے ’رائل سکول آف میوزک‘ کے تحت باقاعدہ امتحان دے کر سرٹیفیکیشن حاصل کر سکیں گے۔
سینٹر کے بانی انس بن حسین نے مزید بتایا کہ سنٹر کھولنے کے پہلے ماہ میں ہی بہت سے طلبہ نے داخلہ لے لیا ہے کہ انہیں اساتذہ کی تعداد بڑھانہ پڑ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ سینٹر میں فی الحال محدود سروسز فراہم کی جا رہی ہیں لیکن اگلے دو ماہ میں مزید سہولیات فراہم کرنے کا ارادہ ہے۔ اس کے علاوہ مملکت کے چھ شہروں بشمول ریاض، جدہ اور دمام میں بھی ’نہاوند‘ سنٹر کی شاخیں کھولیں جائیں گی۔
سینٹر میں وائیلن کی ٹریننگ حاصل کرنے والے ماجد العبود نے بتایا کہ نہاوند میوزک سنٹر میں ٹریننگ حاصل کرنے والے طلبا کو ابھی سے فائدہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سنٹر میں بہت سے میوزک آلات کی پریکٹس کا موقع ملتا ہے جس سے طلبہ اپنی صلاحیت بہتر کر سکتے ہیں۔

شیئر: