Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پاکستان کا ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف سوشل میڈیا کمپنیوں سے مدد کا مطالبہ

اہم نکات:
  • پاکستان کا ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف سوشل میڈیا کمپنیوں سے مدد کا مطالبہ
  • انصاف کی فراہمی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر غور کر رہے ہیں، چیف جسٹس
  • جماعت اسلامی بلوچستان کا کوئٹہ سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ
  • ڈی ایچ اے اسلام آباد میں بہہ جانے والی لڑکی کی چوتھے روز بھی تلاش جاری

پاکستان کا ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف سوشل میڈیا کمپنیوں سے مدد کا مطالبہ
پاکستان نے ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر تعاون کی اپیل کرتے ہوئے سوشل میڈیا کمپنیوں سے مؤثر ڈیٹا شیئرنگ اور دہشت گرد مواد کے فوری خاتمے میں تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بات وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزیرِ مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے اسلام آباد میں ملکی و غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیرِ مملکت طلال چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی صفِ اول کی ریاست ہے اور حکومت آزادی اظہار پر قدغن نہیں لگا رہی بلکہ دہشت گرد عناصر کے خلاف واضح اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گرد تنظیموں سے منسلک اکاؤنٹس کو فوری بند کریں اور خودکار بلاکنگ سسٹم متعارف کرائیں تاکہ مستقبل میں ایسے مواد کی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ان کمپنیوں کو ملک میں دفاتر کھولنے کی بھی دعوت دی ہے۔

جماعت اسلامی بلوچستان کا کوئٹہ سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ

جماعت اسلامی بلوچستان نے اپنے مطالبات کے حق میں کوئٹہ سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔
 مارچ کی قیادت رکن صوبائی اسمبلی اور جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمان کر رہے ہیں۔
جماعت اسلامی کے صوبائی ترجمان ولی خان شاکر کے مطابق کوئٹہ سے بوستان تک کے راستے میں تین مقامات پر پولیس نے قافلے کو روکنے کی کوشش کی جہاں کنٹینرز لگا کر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، تاہم قافلہ تمام رکاوٹیں عبور کرنے میں کامیاب رہا۔
مولانا ہدایت الرحمان نے لانگ مارچ کے آٹھ نکاتی مطالبات واضح کرتے ہوئے بتایا کہ ایران و افغانستان کے ساتھ سرحدی تجارت پر پابندیوں ،بلوچستان میں غیر ضروری چیک پوسٹوں اور جبری گمشدیوں کا خاتمہ اور لاپتا افراد کی بازیابی کے علاوہ بلوچستان کی سمندری حدود میں غیرقانونی ماہی گیری میں ملوث مافیاز کے خلاف کارروائی ہمارے بنیادی مطالبات ہیں۔

انصاف کی فراہمی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر غور کر رہے ہیں، چیف جسٹس

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر غور کر رہے ہیں اور نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی اس پر کام کر رہی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت انصاف کی فراہمی کو تیز بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماڈل کریمینل ٹرائل کورٹس کے قیام پر کام کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے جوڈیشل اکیڈمی میں افسران کو تربیت دی گئی ہے۔ التوا کا شکار کیسز ماڈل کورٹس میں سنے جائیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ملک بھر میں جوڈیشل نظام کی بہتری کے لیے دورے کیے۔ عدالتی نظام دو شفٹس میں چلانے کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔

ڈی ایچ اے اسلام آباد میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی لڑکی کی  تلاش جاری

ڈی ایچ اے اسلام آباد کے فیز فائیو کے نالے میں بہہ جانے والی کار سوار 25 سالہ نوجوان لڑکی کی لاش تاحال برآمد نہیں ہو سکی۔
گذشتہ روز جاری سرچ آپریشن کے دوران 62 سالہ کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی کی لاش کو برآمد کیا گیا تھا۔
سرچ آپریشن آج جمعے کو چوتھے روز میں داخل ہو چکا ہے۔ ریسکیو  1122، ڈی ایچ اے انتظامیہ اور راولپنڈی و اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں کار سوار نوجوان لڑکی کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دریائے سواں اور اس کے اطراف کی تمام سمتوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جس طرح کرنل (ر) اسحاق قاضی کی لاش پانی کے بہاؤ کے باعث دور جا کر ملی، اسی طرح ان کی بیٹی کی لاش بھی ممکنہ طور پر کسی دوسرے مقام پر بہہ گئی ہو۔

کوئٹہ سے گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا ڈرائیور اغوا

گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے ڈرائیور کو کوئٹہ سے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔ اغوا کاروں نے بھاری تاوان مانگ لیا۔
پولیس کے مطابق وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کسی کام کے سلسلے میں سرکاری گاڑی اور ڈرائیور کے ساتھ کوئٹہ آئے تھے۔ 21 جولائی کو وائس چانسلر نے اپنے ڈرائیور کو سرکاری گاڑی کے ہمراہ گوادر روانہ کیا جس کے بعد سے اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
پولیس کے مطابق بعد ازاں سرکاری گاڑی کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس سے مل گئی، تاہم ڈرائیور عبدالرزاق غائب تھا۔ مغوی کا تعلق گوادر سے بتایا جاتا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مغوی کی رہائی کے لیے اغوا کاروں نے ایک کروڑ روپے کا تاوان مانگا ہے۔

پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، سٹاک ایکسچینج کا مثبت ردعمل

معاشی ماہرین نے کہا ہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، جس کا براہ راست اثر پاکستان سٹاک ایکسچینج پر پڑا ہے۔
گذشتہ روز مندی کا شکار رہنے والی مارکیٹ آج مثبت سمت میں ٹریڈ کر رہی ہے۔
سٹاک بروکرز کے مطابق جمعے کے ابتدائی لمحات میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 700 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور صبح 10:05 بجے تک انڈیکس 660 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 139,352.72 کی سطح پر پہنچ گیا جو 0.48 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی سٹینڈرڈ اینڈ پور نے جمعرات کو پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو منفی بی سے پلس سی سی سی کر دیا اور اسے ’مستحکم‘ آؤٹ لک بھی دیا۔

اسحاق ڈار کا تجارت، اقتصادی تعاون اور دیگر امور پر بات چیت کے لیے امریکہ کا دورہ

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار تجارت، اقتصادی تعاون اور دیگر امور پر بات چیت کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔
واشنگٹن کی جانب سے اپریل میں پاکستانی برآمدات پر 29 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان اور امریکہ تجارتی مذاکرات کر رہے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023-2024 میں مجموعی طور پر پانچ اعشاریہ 44 ارب ڈالر کی ترسیل کے ساتھ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی ملک ہے۔ جولائی 2024 سے فروری 2025 تک برآمدات میں ایک سال پہلے کی نسبت 10 فیصد اضافہ ہوا۔

ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا ،شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں تیز ہوائیں چلنے اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔

 

شیئر: