سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور سعودی وفد کے ارکان نے جمعے کو دمشق میں تاریخی اموی مسجد کا دورہ کیا اور نماز ادا کی۔
الاخباریہ کے مطابق سعودی وفد کو مسجد کے تعمیراتی اور تاریخی پہلووں، اس کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
یاد رہے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کا وفد شام کے دورے پر ہے۔

پہلے سعودی شامی سرمایہ کاری فورم کا انعقاد دمشق میں کیا گیا۔ فورم کے دوران سعودی عرب نے شام کے ساتھ 6.4 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جو جنگ سے تباہ حال ملک کی تعمیر نو کے لیے مملکت کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر سعودی وفد دمشق پہنچا ہے تاکہ شامی عوام کے حوالے سے مملکت کے واضح موقف کو عملی شکل دی جائے جو شام کی ترقی اور تعمیر نو کےحوالے سے ہے۔
سعودی ولی عہد کی ہدایات کے تحت فوری طور پرسعودی ، شامی بزنس کونسل قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی اکوا پاور کمپنی کے سی ای او محمد عبداللہ ابونیان کریں گے جبکہ کونسل کے ایگزیکیٹو ممبران میں نمایاں سرمایہ کار و تاجر شامل ہیں۔