شہری دفاع کی امدادی ٹیمیں طائف کے پہاڑی سلسلے الھدا میں پھنس جانے والے چار پاکستانیوں کو بحفاظت نیچے اتارنے میں کامیاب ہو گئیں ۔
سبق نیوز کے مطابق ریجنل شہری دفاع کے کنٹرول روم میں اطلاع موصول ہوئی کہ چند افراد طائف کے مشہور پہاڑی سلسلے الھدا میں پھنس گئے ہیں۔
شہری دفاع کو موصول ہونے والی امدادی کال میں مزید کہا گیا تھا کہ جس مقام پر مذکورہ افراد پھنسے ہوئے ہیں وہاں سے ان کا نیچے اترنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے اس لیے فوری امدادی ٹیم ارسال کی جائے تاکہ انہیں بحفاظت نیچے اتارا جاسکے۔
مزید پڑھیں
-
والدین بچوں کو آتش بازی سے دور رکھیں، شہری دفاع کا انتباہ
Node ID: 887836
اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی مخصوص ٹیمیں جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں۔ امدادی ٹیم نے اسنارکل کا استعمال کرتے ہوئے پہاڑی سلسلے میں پھنس جانے والے غیرملکیوں کو بحفاظت نیچے اتار لیا۔
شہری دفاع کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کو کسی نوعیت کے جسمانی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اتارنے کے بعد ان کا معمول کے مطابق طبی معائنہ کیا گیا جس میں کوئی غیرمعمولی بات نہیں تھی۔
واضح رہے ان دنوں تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا سیزن ہے اندرون مملکت سے بڑی تعداد میں لوگ موسم گرما میں پہاڑی علاقوں کا رخ کرتے ہیں تاکہ تفریحی مقامات سے لطف اندوز ہوسکیں۔
طائف کا پہاڑی سلسلہ معروف تفریحی مقام ہے جہاں بعض مقامات انتہائی خطرناک ہیں جن پرچڑھنا کافی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اس حوالے سے شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کریں۔