Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف سمر پروگرام، یہاں ہر عمر کے لوگوں کی دلچسپی کا سامان ہے

طائف اپنے بازو کھولے ہوئے ان دنوں ہزاروں سیاحوں کا خیر مقدم کر رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ’سعودی سمر2025‘ پروگرام کے تحت ملکی و غیر ملکیوں کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والے سیاح یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔
اس موسم گرما میں طائف اپنے مہمانوں کو مختلف سیاحتی تجربات اور سرگرمیوں کا وسیع انتخاب فراہم کر رہا ہے جو پہاڑوں، وادیوں، کھیتوں، گلابوں، تفریحی پارکوں، بازاروں اور تاریخی مقامات کے درمیان پھیلے ہوئے ہیں۔
طائف اپنے قدرتی حسن، ٹھنڈے خوشگوار موسم اور متنوع تفریحی سرگرمیوں کی بدولت سیاحوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔
یہاں ہر عمر اور ذوق کے افراد کے لیے کچھ نہ کچھ موجود ہے۔
قدرتی مناظر کے شوقین افراد الشفا کی چوٹی سے بادلوں کے پہاڑوں سے ملنے کا نظارہ کرتے ہیں جبکہ سورج کی نرم کرنیں تہامہ کے میدانوں پر بکھرتی ہیں تو ایک دلکش منظر تشکیل دیتی ہیں جہاں سرسبز وادیاں، انار، انگور، کیکٹس اور بادام کے درختوں سے مزین کھیت اور الشفا کا ’جسر اللوزیہ‘ جیسا مقام پکنک اور فطرت سے لطف اندوزی کا مثالی مرکز بن جاتا ہے۔
 یہاں دھند اور ٹھنڈی ہواؤں کے درمیان متعدد کیفے، ریستوران اور خدمات بھی دستیاب ہیں۔
الشفا سے الہدا کی طرف بڑھیں تو وہاں کی مسحور کن فضا اور دلکش فطرت سیاحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔
 سبز پہاڑ جو بادلوں کی آغوش میں چھپے ہوتے ہیں، طائف کو ایک جادوئی منظر بخشتے ہیں جہاں آپ پہاڑی سرگرمیوں، کیمپنگ اور کیبل کار جیسی سرگرمیوں سے محظوظ ہو سکتے ہیں۔
سکون کے دلدادہ افراد کے لیے الردّف پارک ایک جنت نظیر مقام ہے جہاں سبزہ زار، رنگ برنگے پھول، قدرتی مناظر اور متحرک فوارے ایک ناقابل فراموش تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
یہاں بیٹھنے کے لیے مخصوص مقامات اور مختلف کھانے پینے کے سٹالز بھی موجود ہیں۔
جبکہ جدید اور شہری طرز کے ماحول کو پسند کرنے والوں کے لیے ’سٹی واک طائف‘ بہترین تفریحی و خریداری کی جگہ ہے جہاں ایک جدید طرز کا واک وے موجود ہے جس میں ریستوران، کیفے، دکانیں اور موسمی تفریحات کا امتزاج ہوتا ہے۔
 رات کے وقت یہاں روشنیوں، موسیقی اور فوڈ ٹرکوں کے ذریعے زندگی رواں دواں رہتی ہے۔

شیئر: