Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: ایک سالہ بچے نے کوبرا سانپ کو دانتوں سے کاٹ کر دو ٹکڑے کر دیے

ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون میں بلوں میں پانی بھرنے کی وجہ سے سانپ رہائشی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ایک سال کے بچے نے زہریلے کوبرا سانپ کو دانتوں سے کاٹ کر مار دیا۔
انڈین این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واقعہ بہار کے علاقے چیمپران کے مغربی علاقے میں واقع موہنچی گاؤں میں پیش آیا اور بچے کا نام گووند کمار بتایا گیا ہے۔
اس عجیب واقعے کے بعد بچے کو سرکاری ہسپتال لے جایا گیا۔
ہسپتال کے سپرنٹننڈنٹ دواکانت مشرا کا کہنا ہے کہ بچے کی دادی نے بتایا کہ صحن میں کھیلتے ہوئے کہیں سے سانپ نکل آیا اور قریب آیا تو بچے نے اس کو پکڑ لیا جس پر وہ اس کے ہاتھوں سے لپٹ گیا۔
تاہم بچے نے اس کو دانتوں سے کاٹنا شروع کر دیا اور دو ٹکڑے کر دیے جس سے سانپ مر گیا اور تھوڑی دیر بعد بچہ خود بھی بے ہوش ہو گیا۔
بچے کے والدین نے بھی اس سے ملتا جلتا بیان دیا ہے اور کہا کہ جب دادی کے شور مچانے پر وہ وہاں پہنچے تو سانپ مرا پڑا تھا جبکہ بچے کی حالت بھی خراب ہو رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بچے کی نگرانی کی جا رہی ہے اور مطلوبہ طبی امداد دی جا رہی ہے تاہم ابھی تک  کوئی خطرناک علامت ظاہر نہیں ہوئی اور وہ ٹھیک لگ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سانپ بچے کو کاٹنے میں کامیاب نہیں ہوا ورنہ اس کا بچنا مشکل ہو سکتا تھا۔
کوبرا کا شمار سانپوں کی زیریلی ترین قسموں میں ہوتا ہے اور یہ انڈیا میں کافی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ کوبرا کے کاٹنے سے انڈیا میں ہر سال کئی ہلاکتیں ہوتی ہیں۔
چند روز پیشتر لدھیانہ کے گاؤں پاوت میں دو بہنیں سانپ کے کاٹنے سے ہلاک ہوئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق دونوں بہنیں چھت پر سو رہی تھیں اور سانپ کے کاٹنے کا احساس ہوتے ہی فوراً جاگ گئیں۔ شور مچانے پر گھر والوں کو چھت پر سانپ دکھائی دیا۔ ان کو ہسپتال لے جانے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ چند منٹ کے اندر ہی دونوں بہنوں کی موت واقع ہو گئی۔
جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون میں زیادہ بارشیں ہونے کی وجہ سے سانپ، دوسرے رینگنے والے جانور اور کیڑے مکوڑے اپنی رہائش کے قدرتی مقامات سے نکل کر گھروں میں بھی گھس جاتے ہیں۔

 

شیئر: