Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی اور شارجہ میں سونے کی قیمتوں میں کمی، خریداری کیوں بڑھ رہی ہے؟

24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ میں ڈھائی درھم کی کمی ہوئی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی اور شارجہ میں گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سونے کے نرخوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد سونے کی خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سونے کے فی گرام نرخوں میں 2 سے ڈھائی درھم تک کی کمی ہوئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گزشتہ ہفتے کے آخر میں 24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخوں میں ڈھائی درھم کی کمی کے بعد قیمت 402.25 درھم ہوگئی۔
22 قیراط ایک گرام کے نرخ سوا 2 درھم کی کمی کے بعد  372.25 درھم تک آگئے۔ 21 قیراط کے نرخ 357 درھم اور 18 قیراط 305.75 درھم میں دستیاب رہا۔  نرخوں میں  2 درھم فی گرام کمی ہوئی۔
سونے اور زیورات کی دکانوں کے مالکان کا کہنا ہے سونے کے نرخوں میں کمی کے ساتھ سونے کے سکوں اور چھوٹے سائز کے بسکٹس کی خریداری بڑھ گئی ہے۔
ایک معروف جیولرز شوروم کے ڈائریکٹر نے بتایا عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں آئندہ اضافے کی پیش گوئی پر لوگ سونے کو سرمایہ کاری کے طور پر خرید رہے ہیں۔
 مارکیٹ میں اس وقت سونے کی طلب بڑھ رہی ہے کیونکہ لوگ موجودہ قیمتوں کو بہتر جانتے ہوئے خریداری کررہے ہیں۔ حالیہ کمی نے نہ صرف سرمایہ کاروں بلکہ عام خریداروں کو بھی متحرک کردیا ہے۔
گولڈ شوروم کے مینجر نے بتایا سونے کے چھوٹے سکے ایک تو تحفے کے طور پر دینے کے لیے کام آتے ہیں جبکہ انہیں فروخت کرنا آسان ہوتا ہے۔
 ایک گولڈ شاپ کے سیلز مینجر کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں مزید تیزی آنے کی توقعات ہیں۔

 

شیئر: