Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بٹگرام انتظامیہ کا کوزہ بانڈہ کے مقام پر چھاپہ، ذبح شدہ گدھے کا گوشت برآمد

کارروائی کے دوران دو افراد کو موقعے پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایک شہری کی خفیہ اطلاع پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام اختر رسول نے کوزہ بانڈہ کے مقام  پر چھاپہ مار کر ذبح کیے ہوئے گدھے کا گوشت برآمد کر لیا۔
کارروائی کے دوران دو افراد کو موقعے پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ گدھے کے گوشت کو فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے اس موقعے پر کہا کہ ’عوام کی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘
واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کے قریبی علاقے ترنول میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائی میں 25 من گدھے کا گوشت برآمد ہوا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے بتایا کہ ترنول میں 50 سے زائد گدھے اور بڑی مقدار میں گدھے کا گوشت برآمد کر لیا ہے جبکہ موقعے پر موجود ایک غیر ملکی شہری کو پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملوث افراد کے خلاف فی الفور مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر طاہرہ صدیق کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ٹوٹل 25 من گوشت برآمد کیا ہے جبکہ گوشت کو تلف کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ گوشت کن علاقوں میں سپلائی کیا گیا اور کیا غیر ملکی شہریوں کے کھانے کے لیے بھی استعمال ہوا۔

 

 

شیئر: