فیشن ایسوسی ایشن کی سٹریٹیجک شراکت داری: سعودی ٹیلنٹ کو نکھارنے کی کوشش
فیشن ایسوسی ایشن کی سٹریٹیجک شراکت داری: سعودی ٹیلنٹ کو نکھارنے کی کوشش
منگل 5 اگست 2025 5:05
ایک اہم شراکت فیوچر انسٹیٹیوٹ فار ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کے ساتھ ہے (فوٹو: عرب نیوز)
جیسے جیسے سعودی عرب کا فیشن سیکٹر ترقی کر رہا ہے، ویسے ویسے فیشن ایسوسی ایشن نوجوان تخلیقی ذہنوں کی مدد کے لیے ایک اہم طاقت کے طور پر ابھر رہی ہے جو موثر شراکت داریوں کے نیٹ ورک کے ذریعے انہیں سہارا دے رہی ہے۔
رجا مومنہ جو ایسوسی ایشن کی بورڈ ممبر اور فیوچر انسٹیٹیوٹ آف ہائیر ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کی سی ای او اور بانی ہیں، نے عرب نیوز کو بتایا یہ شراکت داریاں صرف علامتی نہیں بلکہ عملی ہیں۔ یہ نوجوانوں کی مہارتیں نکھارنے اور انہیں بااختیار بنانے کا راستہ ہیں۔
فیشن ایسوسی ایشن نوجوان تخلیقی ذہنوں کی مدد کے لیے اہم طاقت ہے (فوٹو: عرب نیوز)
انہوں نے ان شراکت داریوں کو ایک ’پل‘ قرار دیا جو نوجوان تخلیق کاروں کو ایک مربوط نظام سے جوڑتا ہے جہاں انہیں تربیتی اداروں، ورکشاپس، برانڈنگ ماہرین، مواد تخلیق کرنے والوں اور سپلائرز تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔
یہ مربوط نظام ابھرتے ہوئے ڈیزائنرز کو مختلف تجربات حاصل کرنے کا موقع دیتا ہے جس سے وہ اپنے پیشہ ورانہ سفر میں زیادہ موثر انداز میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔
ایسوسی ایشن کی حالیہ شراکت داریوں میں ایک اہم شراکت فیوچر انسٹیٹیوٹ فار ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کے ساتھ ہے جو فیشن کے شعبے میں خصوصی تربیتی پروگرام فراہم کرتا ہے۔
ورکشاپس، برانڈنگ ماہرین اور سپلائرز تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔(فوٹو :عرب نیوز)
اسی طرح ایک اور تعاون عالم الاحجاز کے ساتھ کیا گیا ہے، جو زیورات کے شعبے میں نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد دیتا ہے۔
کارخانوں کے ساتھ کیے گئے اضافی معاہدوں کے ذریعے مرد و خواتین ڈیزائنرز کو عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ تھیوری اور پریکٹیکل کے درمیان فرق کو کم کیا جا سکے اور وہ ملازمت کی منڈی کے لیے بہتر طور پر تیار ہو سکیں۔
رجا مومنہ نے کہا کہ اس تمام کوشش کا وسیع تر مقصد ایک نئی نسل کے تخلیقی پیشہ ور افراد کو تیار کرنا ہے جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں اور ساتھ ہی سعودی ثقافت اور شناخت سے جڑے رہیں۔
مرد و خواتین ڈیزائنرز کو عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
انہوں نے اس بات کو اعتراف بھی کیا کہ شراکت داریوں کے اہداف کو ایسوسی ایشن کے طویل مدتی وژن سے ہم آہنگ کرنا اور پروگراموں پر موثر عمل درآمد کرنا ایک چیلنج ہے۔
تاہم ان رکاوٹوں کے باوجود انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن اپنے ارکان کے لیے فائدہ مند نتائج فراہم کرنے لیے پرعزم ہے۔