Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے صدر روس پہنچ گئے، صدر پوتن سے ملاقات، تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

اکتوبر میں ہونے والی عرب روس سربراہ کانفرنس کے بارے میں گفتگو ہوئی۔ (فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے جمعرات کو ماسکو کے سرکاری دورے میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات، سٹراٹیجیک شراکت داری کے فروغ اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی، خلائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے دورہ ماسکو کا خیر مقدم کرتے ہوئے قیدیوں کے تبادلے میں امارات کے کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔ (فوٹو اے ایف پی)

اس موقع پر اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ ’امارات اور روس کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں اور گزشتہ پانچ دہائیوں سے مضبوط شراکت داری پر استوار ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’امارات عالمی سطح پر فعال ترقیاتی شراکت قائم کرنے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے‘۔

امارات کے صدر کے ہمراہ اس دورے میں اعلی سطحی سرکاری وفد بھی تھا۔ (فوٹو وام)

ملاقات میں فلسطین سمیت مشرق وسطی کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اکتوبر میں ہونے والی عرب روس سربراہ کانفرنس کی اہمیت کے حوالے سے بھی گفتگو کی جس کی میزبانی روس کرے گا۔

امارات کے صدر دورے کے اختتام پر ماسکو سے روانہ ہوگئے۔ (فوٹو وام)

ملاقات کے دوران  دونوں ملکوں نے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے جس کا تعلق تجارت، خدمات اور سرمایہ کاری سے ہے۔ اس کے علاوہ مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
روسی صدر نے ملاقات کے اختتام پر امارات کے صدر اور ہمراہ وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
بعدازاں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اپنے سرکاری دورے کے اختتام پر ماسکو سے روانہ ہوگئے۔
اس سے قبل امارات کے صدر اپنے سرکاری دورے  پر روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ امارات کے صدر کے ہمراہ اس دورے میں اعلی سطحی سرکاری وفد بھی موجود تھا۔
 

 

شیئر: