Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل بن فرحان کا فرانس اور مصری وزرائے خارجہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر سے رابطہ

موجودہ صورتحال اور اس کے سیکورٹی اور انسانی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو فرانسیسی ہم منصب جین نول بیروٹ، مصری ہم منصب ڈاکٹر بدرعبدالعطی اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالس سے غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے ٹیلی فون پر رابطے کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ سے رابطے کے دوران غزہ کی صورتحال اور اس کے سیکورٹی اور انسانی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
 سعودی وزیر خاجہ اور مصری ہم منصب ڈاکٹر بدرعبدالعطی نے رابطے میں غزہ کی صورتحال، اسرائیلی حملوں اور خلاف ورزیوں کو رکوانے کی اہمیت پر بات چیت کی گئی۔
اسرائیلی قبضے کے وحشیانہ طرز عمل کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کے شہریوں کو درپیش انسانی تباہی کے خاتمے کی فوری ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان اور یورپی یونین کی اعلی نمائندہ برائے خارجہ پالیسی و سکیورٹی اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالس نے رابطے کے دوران غزہ کی حالیہ صورتحال پر بات چیت کی۔
 اس پٹی کی آبادی کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیوں اور فاقہ کشی کے جرائم کو روکنے کےلیے تمام کوششیں بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل سعودی عرب نے اسرائیل کے غزہ کی پٹی پر قبضے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ طرزعمل اور ’نسلی تطہیر‘ کا تسلسل قرار دیا۔
 سعودی وزارت خارجہ نے جمعے کو ایک بیان میں اسرائیلی قابض حکام کی فلسطینیوں کو منظم بے دخل کرنے، غیرانسانی پالیسیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامت سے علاقائی عدم استحکام مزید بڑھے گا اورعالمی امن کے فریم ورک کو نقصان پہنچے گا۔

 

شیئر: