Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مستقبل کے سُپر سٹار‘، ون ڈے سیریز میں حسن نواز کا شاندار ڈیبیو اور شاہین آفریدی کا ورلڈ ریکارڈ

حسن نواز نے مین آف دی میچ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا (فوٹو: پی سی بی)
ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے حسن نواز نے نہ صرف شاندار اننگز کھیلی بلکہ ٹیم کی جیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے  پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
سنیچر کو ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 281 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں پورا کیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 280  بنائے۔
حسن نواز نے 54 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی بھی اس میچ میں ورلڈ ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں اور یوں مجموعی طور پر 65 میچوں میں 131 وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
یہ کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے 65 میچوں میں حاصل کی جانے والی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین حسن نواز کے ڈیبیو اور شاہین شاہ آفریدی کے ریکارڈ پر دلچسپ تبصروں کا اظہار کر رہے ہیں۔
وسیم عباسی نے لکھا ’لیہ کا یہ غریب نوجوان پاکستان کے لیے بڑی امید بن چکا ہے۔‘
معروف کرکٹر حسن علی نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’حسن نواز نے کیا ہی خوبصورت ڈیبیو کیا ہے اور پاکستان نے کیا ہی شاندار طریقے سے سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔‘
ایکس صارف انیتا شرما نے حسن نواز کی بیٹنگ کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’پاکستان کا مستقبل کا سُپر سٹار۔‘
فرید خان نے لکھا ’حسن نواز کو خصوصی ٹیلنٹ حاصل ہے، اسے مزید بہتر بنانے کی ضروت ہے۔‘
ایکس صارف عامر نے حسن نواز کے چھکے کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’فخر لیہ حسن نواز کا او ڈی آئی کا پہلا چھکا۔‘
اسی طرح سے اسرار احمد ہاشمی نے شاہین شاہ آفریدی کی وکٹوں کی تعداد پوسٹ کرتے ہوئے انہیں شاباش دی۔‘
ایکس صارف اسد نے لکھا ’شاہین شاہ آفریدی، کئی نسلوں میں عظیم ترین۔‘

 

شیئر: