Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شلپا شیٹی کے نام 38 کروڑ روپے کی جائیداد منتقل

گذشتہ سال راج کندرا کو غیر اخلاقی فلمیں بنانے اور مختلف ویب سائٹس پر چلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا (فائل فوٹو: راج کندرا انسٹا گرام )
بالی وڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر نے ان کے نام 38 کروڑ 50 لاکھ انڈین روپے کی جائیداد منتقل کی ہے۔
انڈیا ٹو ڈے نے رجسٹریشن کاغذات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ممبئی کے علاقے جوہو میں پانچ فلیٹوں پر مشتمل عمارت اوشین ویو، جس میں ایک بیسمنٹ بھی ہے، راج کندرا نے شلپا شیٹی کندرا کے نام منتقل کردی ہے۔
خیال رہے کہ 2021 شلپا شیٹی کے لیے کافی پریشانیوں کا باعث بنا تھا کیونکہ ان کے بزنس مین شوہر راج کندرا کو غیر اخلاقی فلمیں بنانے اور مختلف ویب سائٹس پر چلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
شلپا نے اس مشکل وقت میں ہر کسی سے اپنی نجی زندگی کے احترام کی درخواست کی تھی۔ اب اس واقعے کے چھ ماہ بعد راج کندرا نے ان کے نام اتنی بڑی مالیت کی جائیداد منتقل کی ہے۔
شلپا شیٹی کے نام کی گئی جائیداد کا کل رقبہ 5 ہزار 996 مربع فٹ ہے اور اس پر ایک کروڑ 92 لاکھ روپے کی سٹیمپ ڈیوٹی بھی ادا کی گئی ہے۔
شلپا شیٹی کی حال ہی میں ’ہنگامہ ٹو‘ نامی فلم ریلیز ہوئی تھی۔ وہ ’سپر ڈانس‘ میں جج کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ’انڈیا گوٹ ٹیلنٹ‘ کا بھی بطور جج حصہ ہیں جبکہ ان کی آئندہ آنے والی فلم کا نام ’نکما‘ ہے، جس میں ان کے ساتھ سنیل گروور بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

شیئر: