Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں جھولا گرنے سے زخمی ہونے والی ایک لڑکی نے دم توڑ دیا

 ایئرایمبولینس کے ذریعے ریاض کے کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا تھا۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے شہرطائف کے ایک تفریحی پارک میں جھولا گرنے سے زخمی ہونے والی ایک لڑکی وضحی بنت عزیز الفھمی نے دم توڑ دیا۔
سعودی لڑکی کی حالت نازک تھی، طائف کے کنگ عبدالعزیز سپشلسٹ ہسپتال سے ایئرایمبولینس کے ذریعے ریاض میں نیشنل گارڈ سے منسلک کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا تھا۔
سبق کے مطابق اس حادثے میں وضحی کی بہن حنان بھی زخمی ہوئی جو امیر سلطان بن عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں زیرعلاج ہے۔
لڑکی کے ایک رشتے دار عایض الفھمی نے موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ نماز جنازہ اور تدفین طائف میں کی جائے گی۔
یاد رہے گزشتہ ماہ 31 جولائی کو طائف کے ایک تفریحی پارک میں جھولا گرنے سے 23 افراد زخمی ہوئے، جن میں بیشتر لڑکیاں تھیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شہری دفاع اور دیگر اداروں نے تحقیقات کا آغاز کیا اور سائٹ کو فوری طور پر بند کردیا گیا۔
 سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوزمیں دیکھا جا سکتا تھا کہ ’360 بگ پینڈولم‘ کو سنبھالنے والا راڈ اچانک درمیان سے ٹوٹ گیا، جس کے بعد سب زمین پر گر گئے۔

 

شیئر: