Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسٹاگرام کا ’ری پوسٹ‘ فیچر، کیا زیادہ سے زیادہ صارفین تک کانٹینٹ پہنچ سکے گا؟

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے صارفین کے لیے تین نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے جن کا مقصد ایپ کے ذریعے دوستوں کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط اور سہل بنانا ہے۔
میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انسٹاگرام ہمیشہ سے لوگوں کے لیے اپنی سرگرمیوں کے ذریعے رابطہ قائم کرنے کا پلیٹ فارم رہا ہے لیکن اب ’ری پوسٹ‘، ’انسٹاگرام میپ‘ اور ’فرینڈز ٹیب‘ جیسی خصوصیات کے ساتھ یہ تجربہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔

ری پوسٹ فیچر

نئے ری پوسٹ فیچر کے تحت صارفین اب کسی بھی پبلک ریل یا پوسٹ کو اپنے دوستوں اور فالوورز کے ساتھ دوبارہ شیئر کر سکتے ہیں۔ ری پوسٹ کی گئی پوسٹس دوستوں کی فیڈ میں ظاہر ہوں گی اور ایک الگ ٹیب میں صارف کے پروفائل پر بھی محفوظ ہوں گی۔
کمپنی کے مطابق مواد کا اصل کریڈٹ تخلیق کار ہی کو دیا جائے گا لیکن ری پوسٹ کی وجہ سے ان کا مواد اُن صارفین تک بھی پہنچ سکتا ہے جو انہیں فالو نہیں کرتے۔ یہ تخلیق کاروں کے لیے ایک بڑا موقع ہے کہ وہ نئے ناظرین تک رسائی حاصل کریں۔

ری پوسٹ کرنے کے لیے صرف مخصوص آئیکن پر ٹیپ کرنا ہو گا اور چاہیں تو ایک مختصر نوٹ بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

انسٹاگرام میپ

انسٹاگرام نے ایک اور دلچسپ فیچر انسٹاگرام میپ بھی متعارف کروایا ہے جو صارفین کو اپنے قریبی یا مخصوص دوستوں کے ساتھ اپنی حالیہ سرگرمی کی لوکیشن شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
یہ فیچر مکمل طور پر اختیاری ہے اور صارف کسی بھی وقت اسے آن یا آف کر سکتے ہیں۔ اگر لوکیشن شیئرنگ فعال ہو تو ایپ کھلنے یا بیک گراؤنڈ میں چلنے کی صورت میں لوکیشن خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جاتی ہے۔

والدین کے لیے بھی ایک حفاظتی فیچر شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے اگر ان کا بچہ لوکیشن شیئرنگ شروع کرے گا تو انہیں فوری اطلاع دی جائے گی۔ والدین یہ بھی کنٹرول کر سکتے ہیں کہ ان کا بچہ کن افراد کے ساتھ اپنی لوکیشن شیئر کرے گا۔
میپ پر وہ تمام مواد دیکھا جا سکتا ہے جس میں لوکیشن ٹیگ ہو جیسے کہ ریلز، پوسٹس، سٹوریز اور نوٹس جو چوبیس گھنٹوں تک دستیاب رہتے ہیں۔ یہ فیچر فی الحال امریکہ میں متعارف کرایا گیا ہے اور جلد دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہوگا۔

ریلز میں فرینڈز ٹیب

انسٹاگرام نے ریلز میں ایک نیا فرینڈز ٹیب بھی شامل کیا ہے جس کے ذریعے صارفین یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ان کے دوستوں نے کن پبلک ریلز پر ردعمل دیا ہے یا کن ویڈیوز کو پسند کیا ہے۔
یہ فیچر ان ریلز کو سامنے لاتا ہے جو صارف کے قریبی دوست دیکھ یا شیئر کر رہے ہوں تاکہ صارفین کو مواد دیکھنے اور اس پر بات چیت کرنے کا ایک نیا انداز ملے۔

صارفین اس فیچر میں مکمل کنٹرول رکھ سکتے ہیں، جیسے کہ چاہیں تو اپنی لائکس یا کمنٹس دوسروں کے فرینڈز ٹیب میں نہ دکھائیں یا مخصوص افراد کی سرگرمیاں میوٹ کر دیں۔
میٹا کا کہنا ہے کہ یہ تمام نئی خصوصیات انسٹاگرام کو مزید سماجی طور پر محفوظ اور صارف دوست بنانے کی کوشش کا حصہ ہیں تاکہ لوگ اپنے دوستوں کے ساتھ مزید مؤثر انداز میں جُڑے رہ سکیں۔

شیئر: