Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پٹرول سٹیشن کو آگ سے بچانے والے ہیرو کو شجاعت پر میڈل اور 10 لاکھ ریال انعام

سعودی شہری اور اہل خانہ نے اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پر سعودی شہری ماہر فھد الدلبحی کے لیے شاہ عبدالعزیز میڈل ( فرسٹ کلاس) اور 10 لاکھ ریال انعام دیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے کے مطابق یہ میڈل اور انعام سعودی شہری کی بہادری اور جرات مندی کے اعتراف میں دیا گیا ہے جس نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر جلتے ہوئے ٹرک کو پٹرول سٹیشن سے باہر نکال کر علاقے کو بڑے خطرے اور ممکنہ تباہی سے بچایا تھا۔
 سعودی شہری ماہر الدلبحی اور ان کے اہل خانہ نے اس اعزاز اور انعام پر اعلٰی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے پیر کو ریاض ریجن کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے ٹیلی فون پر سعودی نوجوان ماھر فھد الدلبحی کی خیریت دریافت کی تھی۔
جلتے ہوئے ٹرک کو پٹرول پمپ سے دور لے جانے کی کوشش کے دوران آگ کی شدت سے سعودی نوجوان کے چہرے، سر اور ہاتھ پاؤں جھلس گئے تھے۔
 یہ واقعہ گزشتہ جمعے ریاض کے علاقے الدوادمی کے مرکز الجمش میں ایک پٹرول پمپ پر پیش آیا، وہاں چارے سے لدے ایک ٹرک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
ڈرائیورنے آگ بجھانے کی کوشش کی اور ناکامی پر ٹرک سے اتر گیا۔ اسی دوران سعودی نوجوان آگے بڑھا۔ ایک لمحہ ضائع کیے بغیر ٹرک کا کنٹرول سنبھالا اور اسے تیزی سے پٹرول سٹیشن سے دور ایک کھلے مقام پر لے گیا۔ 
 سوشل میڈیا پر صارفین نے سعودی نوجوان کو ایثار و بہادری کی مثال قرار دیا اور کہا کہ ان کی  حاضر دماغی غیر معمولی جرات نے ایک بڑے سانحے کو بھی ٹال دیا۔

 

شیئر: