جاپان: ایک ماہ میں دو باکسرز کی اموات، کھیل میں حفاظت بہتر بنانے پر بحث
رواں ماہ کی دو تاریخ کو دو باکسرز مقابلوں میں زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گئے (فوٹو: سوشل میڈیا)
جاپان میں حالیہ عرصے میں دو پروفیشنل باکسرز کی اموات اور ایک امیچور باکسر کی صحت کی خرابی نے باکسنگ سے شغف رکھنے والے افراد کو پریشان کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک امیچور باکسر کے دماغ کا دو ہفتے پہلے آپریشن ہوا جس کے بعد وہ تاحال بے ہوش ہیں۔
جاپان باکسنگ فیڈریشن کے مطابق 39 سالہ نامعلوم باکسر آٹھ اگست کو ٹوکیو میں تین منٹ کے تین راؤنڈز کی پریکٹس کے بعد بے ہوش ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی سرجری کی گئی تاہم تاحال وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔
فیڈریشن نے بتایا کہ مذکورہ باکسر گذشتہ 10 برس سے کسی مقابلے میں شریک نہیں ہوا تھا اور دوبارہ رنگ میں واپسی کے لیے تربیت حاصل کر رہا تھا۔ فیڈریشن کے صدر تتسویا ناکاما نے کہا کہ ’ہم دعا گو ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو۔‘
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب جاپانی باکسنگ برادری پہلے ہی صدمے میں ہے۔ رواں ماہ کی دو تاریخ کو ٹوکیو میں ہونے والے الگ الگ مقابلوں میں 28 سالہ سپر فیذر ویٹ شوگتوشی کوٹاری اور لائٹ ویٹ ہیروماسا اوراکاوا شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں جان کی بازی ہار گئے۔
ان واقعات کے بعد جاپانی باکسنگ حکام نے ہنگامی اجلاس منعقد کیے اور کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے نئے قوانین متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ ان اقدامات میں پانی کی کمی جانچنے کے لیے پیشاب کے ٹیسٹ اور وزن کم کرنے کے سخت اصول شامل ہیں۔
دوسری جانب جاپانی باکسر یودائی شیگوکا نے رواں ماہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ اپنے بھائی کی دیکھ بھال کر سکیں جو مئی میں اوساكا میں ایک فائٹ کے بعد کوما میں چلے گئے تھے۔ سابق ڈبلیو بی سی سٹرا ویٹ چیمپئن کے بھائی گنجیرو شیگوکا فائٹ کے فوراً بعد گر گئے تھے اور ان کی ایمرجنسی برین سرجری کی گئی تھی۔
جاپان باکسنگ کمیشن کے مطابق 25 سالہ گنجیرو اب بھی کوما میں ہیں لیکن ان کی جان کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔
