سعودی عرب میں’بریدہ ڈیٹس کارنیوال‘ نے وزیٹرز کے لیے ایک بس سروس متعارف کرائی ہے جو انھیں شہر کی سیر کرائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بریدہ میں جاری کھجورفیسٹول میں شریک ہونے والے افراد، بس کے سفر کے دوران شہرکی سیر کے ساتھ ثقافتی لینڈ مارک بھی دیکھیں گے۔
بس کا یہ سفر ’ بریدہ ڈیٹس کارنیوال‘ کے مرکزی مقام کے پاس شاہ خالد کلچرل سینٹر سے شروع ہوگا اور مسافروں کو بریدہ کے کئی اہم مقامات دکھانے لے جائے گا۔

اس پورے سفر کے دوران بس میں گائیڈ بھی موجود ہوں گے جو کسی بھی سوال کے جواب دیں گے اور مختلف موضوعات پر سفر کرنے والوں کو اپنی ماہرانہ رائے سے آگاہ کریں گے۔
یہ نئی بس سروس جو 9 ستمبر تک چلتی رہے گی، اصل میں کارنیوال میں آنے والوں کے تجربے کو مزید خوبصورت بنانے اور بریدہ شہر کے اس تصور کو کہ یہ ’دنیا میں کھجوروں کا دارالحکومت‘ ہے، مزید طاقتور بنائے گی۔
بس سروس، سعودی وژن 2030 کو سامنے رکھ کر متعین کردہ اہداف میں بھی تعاون فراہم کرے گی جن کا مقصد سیاحت کو تنوع دینا، اس میں اضافہ کرنا اور معاشی ترقی کے لیے مقامی میراث کے کردار کو لوگوں کی نظروں میں لانا ہے۔