ریاض میں ای سپورٹس ورلڈ کپ جاری، 70 ملین ڈالر کے انعامات
منگل 15 جولائی 2025 10:45
’دو ہزار سے زائد پیشہ ور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جو 25 ٹورنامنٹس میں مقابلہ کریں گے‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض میں منعقد ای سپورٹس ورلڈ کپ کے پہلے ہفتے نے گیمنگ اور ای اسپورٹس کی تاریخ کے سب سے بڑے ایونٹ کی شاندار شروعات دیکھی گئی جہاں ہزاروں شائقین کی بھرپور شرکت اور لاکھوں افرادکی طرف سے براہِ راست نشریاتی پلیٹ فارمز کے ذریعے ایونٹ کو فالو کرتے دیکھا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس ایونٹ نے سعودی عرب کی حیثیت کو عالمی رہنما اور ای اسپورٹس انڈسٹری کے مرکز کے طور پر مزید مستحکم کیا ہے۔
یہ ایونٹ7 ہفتوں تک ریاض کے ’بولیفارد ریاض سٹی‘ میں جاری رہے گا جس میں دو ہزار سے زائد پیشہ ور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جو 24 عالمی کھیلوں پر مشتمل 25 ٹورنامنٹس میں مقابلہ کریں گے۔
ان مقابلوں کے انعامات کی مجموعی مالیت 70 ملین ڈالر سے زائد ہے جو اس شعبے کی تاریخ کا سب سے بڑا انعامی پیکج ہے۔
ای اسپورٹس ورلڈ کپ عالمی مسابقتی پلیٹ فارم ہے جو کھلاڑیوں کو تاریخ میں اپنا نام درج کرانے کا موقع فراہم کرتا ہے جبکہ کلبز ایونٹ کی چیمپئن شپ جیتنے کے لیے بین الاقوامی میدان میں اپنی برتری ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔