میونسپلٹی کے تفتیشی اہلکار کے خلاف دکاندار کی شکایت درج
’بلدیہ کا اہلکار دو ماہ سے بار بار دکان پر آکر ملازمین کو پریشان کرتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ادارہ انسداد کرپشن نے ایک دکاندار کی شکایت پر میونسپلٹی کے تفتیشی اہلکار کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دکاندار نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ’بلدیہ کا اہلکار بار بار دھمکی آمیز رویہ اختیار کرتا ہے‘۔
دکاندارنے کہا ہے کہ ’تفتیشی اہلکارجان بوجھ کر اُس کی غیر موجودگی میں دکان پر آتا ہے اور ملازمین کو کھلے عام دھمکیاں دے کر چلا جاتا ہے‘۔
دکاندار نے کہا ہے کہ ’بلدیہ کا تفتیشی اہلکار ہفتے کے دن جبکہ بلدیہ سمیت تمام اداروں کی سرکاری تعطیل ہوتی ہے اپنی ذاتی گاڑی میں آیا اور ملازمین سے کہا کہ دکان کا مالک بہت بچھتائے گا‘۔
’مذکورہ اہلکار تقریبا دو ماہ سے بار بار دکان پر آکر ملازمین کو پریشان کرتا ہے اور اس کا وزٹ عام طور پر ڈیوٹی اوقات میں نہیں ہوتا‘۔
دکاندار کی مذکورہ شکایت پر ادارہ انسداد کرپشن نے باضابطہ کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ادارہ انسداد کرپشن نے واضح کیاہے کہ کوئی بھی متاثرہ شخص باضابطہ شکایت درج کروا سکتا ہے اور ادارہ تمام شکایات کو مکمل رازداری کے ساتھ دیکھتا ہے۔