دیریہ کمپنی نے سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) کے ساتھ ایک سٹریٹجک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد میڈیا کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینا اور ایسے جدید منصوبے اور اقدامات متعارف کروانا ہے جو دیریہ کو تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل عالمی مقام کے طور پر مزید مستحکم کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق اس معاہدے پر دیریہ کمپنی کے گروپ سی ای او جیری انزریلو اور ایس آر ایم جی کی سی ای او جمانا الراشد نے دستخط کیے۔
اس اہم معاہدے کے تحت میڈیا، مارکیٹنگ اور ثقافتی مواد کے شعبوں میں قریبی تعاون کی راہ ہموار کی گئی ہے، اور دونوں اداروں کے مشترکہ وژن اور اہداف کی عکاسی کرتے ہوئے ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو مختلف اقدامات کے حوالے سے کام کرے گی۔
مزید پڑھیں
-
ایس آر ایم جی لیبز نے دبئی لنکس میں 3 ایوارڈ جیت لیےNode ID: 842836
دیریہ کمپنی اور ایس آر ایم جی کے مابین اس نوعیت کا یہ پہلا اشتراک چار اہم شعبوں پر محیط ہے جن میں کارپوریٹ اور میڈیا کمیونیکیشنز، تقریبات، نمائشیں، کانفرنسیں اور دورے، ڈیٹا اور مہارتوں کا تبادلہ، نیز مشترکہ تربیتی پروگرامز اور سرگرمیاں شامل ہیں۔
معاہدے کے تحت ایس آر ایم جی کے میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے تعاون کو مزید مضبوط بنانے، بین الاقوامی میڈیا وفود کے دیریہ کے دوروں کا اہتمام کرنے، اور مشترکہ نمائشوں، تقریبات و ثقافتی و سماجی سرگرمیوں کے انعقاد کے مواقع تلاش کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
یہ شراکت ایس آر ایم جی کی تجزیاتی کہانی نویسی میں مہارت اور جامع صحافتی کوریج پر مبنی ہے، جو دیریہ کے وژن سے ہم آہنگ ہے تاکہ اس کے پیغامات مؤثر انداز میں دنیا بھر تک پہنچ سکیں۔ ایس آر ایم جی اس تعاون کے ذریعے اپنے مضبوط ثقافتی شراکت داروں اور جدید میڈیا ایکو سسٹم کے ساتھ مل کر ایسا بامقصد اور متاثرکن مواد تخلیق کرے گی جو دیریہ کی عالمی پہچان کو مزید تقویت دے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ دیریہ کمپنی کی جانب سے مختلف سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ متعدد سٹریٹجک معاہدے کیے جا چکے ہیں، جو سعودی وژن 2030 کے مطابق ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں اس کے کردار کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر اس کی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہیں۔
اس تناظر میں ’میڈیا اینڈ انوویشن ڈسٹرکٹ‘ کا قیام بھی شامل ہے، جو 250,000 مربع میٹر پر مشتمل ایک جدید مرکز ہو گا، جہاں میڈیا سے متعلقہ ٹیلنٹ اور منصوبے فروغ پائیں گے۔ اس ڈسٹرکٹ میں کمرشل اور دفتری جگہوں کے ساتھ رہائشی یونٹس اور ایک لگژری ہوٹل بھی شامل ہو گا، جو دیریہ کو ثقافت، تخلیق اور میڈیا کا نمایاں عالمی مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر ایس آر ایم جی کی سی ای او جمانا الراشد نے کہا کہ ’یہ مفاہمتی یادداشت ہمارے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم مملکت کے ثقافتی اور میڈیا منظرنامے کو بہتر بنانے کے لیے بااثر شراکت داروں کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات قائم کریں۔‘
’ہم ایسے مواد کی تخلیق کو اپنا مشن سمجھتے ہیں جو سعودی عرب کی شناخت اور امنگوں کی حقیقی عکاسی کرے۔ اس معاہدے کے تحت ہم دیریہ کے وژن کو اپنی جدید میڈیا صلاحیتوں، وسیع رسائی، ڈیجیٹل مہارت اور اعلیٰ ادارتی معیار کے ساتھ آگے بڑھائیں گے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی ناظرین کے لیے بامعنی اور متاثر کن مواد پیش کیا جا سکے۔‘