سعودی عرب کے بیشتر علاقے پیر تک بارش کی زد میں رہیں گے
جمعرات 28 اگست 2025 21:50
بارش کے ساتھ ژالہ باری اور گرد آلو ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش کا مکان ظاہر کیا ہے، غیریقینی موسمی صورتحال پیر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے’ نجران، جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری اور گرد آلو ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔‘
الشرقیہ ریجن، ریاص، حائل اور قصیم ریجن کے کچھ علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش جبکہ جنوب مغربی پہاڑی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے غیریقینی موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان میں سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہنے، سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ تمام سرکاری ہدایات اور وارننگز پرعمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
