Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بریدہ فیسٹول جہاں کھجوروں سے لدی ایک ہزار گاڑیاں روزانہ پہنچتی ہیں

قصیم میونسپیلٹی کی نگرانی میں کارنیوال 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔(فوٹو ایس پی اے)
بریدہ کا کارنیوال اپنی تمام تر رونقوں کے ساتھ جاری ہے جہاں ٹنوں کے حساب سے کھجوروں سے لدی ہوئی ایک ہزار سے زیادہ گاڑیاں روزانہ پہنچ رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ایونٹ کا اہتمام ’نیشنل سینٹر فار پالمز اینڈ ڈیٹس‘ نے وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت کے ساتھ مل کر کیا ہے۔ قصیم میونسپیلٹی کی نگرانی میں یہ کارنیوال پانچ اکتوبر تک جاری رہے گا۔
گاڑیوں سے اتارنے کے بعد کھجوروں کو ایک بڑے یارڈ میں رکھا جا رہا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں ٹن کھجوروں کو پیکجز میں بند کیا جاتا ہے۔
اسی یارڈ سے یہ کھجوریں اندرونِ ملک بھی روانہ کی جاتی ہیں اور دنیا بھر کے سو سے زیادہ ممالک کو، جن میں امریکہ اور یورپ شامل ہیں، برآمد بھی کی جاتی ہیں۔
قصیم ریجن میں ہر سال 390000 ٹن کھجوریں پیدا ہوتی ہیں اور مملکت میں پیدا ہونے والی کھجوروں کی کل مقدار میں، قصیم کی کھجوروں کا حصہ کافی زیادہ ہوتا ہے۔ اس لحاظ سے قصیم مقامی طور پرغذائی تحفظ اور زرعی برآمدات میں رہنما کردار ادا کر رہا ہے۔
اس پیدوار کو بڑھانے کے لیے کاشتکار، کھجوروں کے 20 لاکھ مزید درخت لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس سے مملکت کے وژن 2030 کے تیل سے ہٹ کر دیگر ذرائع سے آمدن کے وسائل پیدا کرنے کے مقصد کو تقویت ملے گی۔ 
البریدہ کا یارڈ، مقامی اور بین الاقوامی طور پر کجھوروں کی تقسیم کے لیے ایک مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ ہر روز بڑے اور درمیانے سائز کے 500 ٹرک یہاں 100 سے زیادہ ورائٹی کی کھجوریں لے کر آتے ہیں۔
یہ کھجوریں مملکت بھر میں مختلف مقامات اور کارخانوں میں پہنچائی جاتی ہیں جہاں انھیں الگ الگ کیا جاتا ہے، ان کے پیکٹ بنائے جاتے ہیں، ان سے دیگر مصنوعات تیار ہوتی ہیں اور کھجوروں کو کھانے کی دیگر پروڈکٹس میں شامل کیا جاتا ہے۔

 

شیئر: