تجارتی پردہ پوشی پر 6 افراد کو سزا، 239 ملین ریال ضبط
جمعرات 28 اگست 2025 15:28
’ہر ایک شریک جرم کو دو سال قید اور 3 لاکھ 50 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارتِ تجارت نے دو سعودی شہریوں اور یمن و فلسطین سے تعلق رکھنے والے چار غیر ملکی مقیم افراد کے خلاف تجارتی پردہ پوشی (سعودی شہری کے نام پر غیر ملکی کا کاروبار) کے جرم میں ملوث ہونے پر کارروائی کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ کارروائی القصيم کے علاقے میں تعمیراتی شعبے، طبی آلات اور تمباکو مصنوعات کے کاروبار سے متعلق ہے۔
القصيم کی اپیل عدالت سے توثیق شدہ حتمی عدالتی فیصلے میں ان 6 افراد کو پردہ پوشی کے جرم کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی کہ دونوں سعودی شہریوں نے غیر ملکیوں کو بغیر کسی غیر ملکی سرمایہ کاری کے لائسنس کے اپنے طور پر تجارتی سرگرمیاں چلانے کا موقع فراہم کیا۔
انہیں کمپنی اور اس کی چار ذیلی اداروں پر مکمل اختیار دیا۔ مزید یہ کہ ان غیر ملکیوں کے مالی لین دین ان کی ماہانہ آمدنی اور پیشےکے مطابق نہیں تھا اور انہوں نے اپنے غیر قانونی کاروبار سے حاصل شدہ رقوم بیرونِ ملک منتقل کیں۔
عدالت نے پردہ پوشی کے جرم سے حاصل شدہ 239 ملین دو لاکھ 39 ہزار 602 ریال اور 26 گاڑیاں ضبط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہر ایک شریک جرم کو دو سال قید کی سزا دی گئی اور ہر ایک پر 3 لاکھ 50 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
عدالت نے متعلقہ تجارتی اداروں کی بندش اور لائسنس کی منسوخی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ انسدادِ پردہ پوشی کا نظام پانچ سال تک کی قید، پانچ ملین ریال تک جرمانہ اور غیر قانونی طور پر حاصل شدہ دولت کی ضبطی جیسی سزاؤں کا تقاضا کرتا ہے بشرطیکہ حتمی عدالتی فیصلہ صادر ہو جائے۔