Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نائب وزیر خارجہ کی قاہرہ میں عرب لیگ کے وزارتی اجلاس میں شرکت

اجلاس میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کی حالیہ صورتحال پر بات کی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیابت کرتے ہوئے نائب وزیرخارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم الخریجی نے جمعرات کو قاہرہ میں  عرب لیگ کے وزارتی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں جوائنٹ عرب ایکشن، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر کثیر الجہتی ہم آہنگی کو تیز کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کی حالیہ صورتحال سمیت جنگ بندی کی کوششوں اور غزہ میں مزید انسانی امداد کی فراہمی پر بھی بات کی گئی۔
اجلاس میں مصر میں سعودی سفیر عبدالعزیز المطر نے بھی شرکت کی۔
قاہرہ میں ہونے والے عرب لیگ کے وزارتی اجلاس کے ایجنڈے کا محور مسئلہ فلسطین رہا۔ اسرائیلی بستیوں کی تعمیر روکنے پر زور اور فلسطینی ریاست کے قیام کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔
عرب لیگ سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے اسرائیلی عزائم کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ’ اسرائیل کا مقصد مسئلہ فلسطین کو دبانا اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے منصوبے کو مکمل طور پر ناکام بنانا ہے۔‘
 احمد ابوالغیط نے کہا ’غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف بھوک کو بطورہتھیار استعمال کیا جارہا ہے، جس کا ہدف سب کے سامنے واضح ہے۔ اس کا مقصد فلسطینی عوام کو ان کی اراضی سے بے دخل کرنا اور دو ریاستی حل کو کمزورکرنا ہے جس میں نہ صرف غزہ بلکہ مغربی کنارے اور بیت المقدس شامل ہے۔‘
اجلاس کے ایجنڈے میں فلسطینی معیشت کی حمایت، یمن کی تعمیر نومیں تعاون کے لیے عرب فنڈ کا قیام، عرب تجارتی وزرا کی کونسل، مصنوعی ذہانت کے لیے وزارتی کونسل کا قیام، عرب آزاد تجارتی علاقے کی جانب پیش رفت کی نگران اور عرب کسٹمز یونین کے حوالے سے نکات شامل ہیں۔

 

شیئر: