ایک ہفتے میں سمگلنگ کی 14 سو کوششیں ناکام
’ضبط شدہ اشیا میں 801 ممنوعہ مواد اور 108 منشیات کی اقسام شامل ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ زکاة، ٹیکس اور کسٹمز نے ایک ہفتے کے دوران سمگلنگ کی 1404 کوششیں ناکام بنا دی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ کسٹم نے کہا ہے کہ ’معاشرے کے تحفظ اور ملک کے امن و امان کو مضبوط بنانے کی کاوشیں جاری رہیں گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ضبط شدہ اشیا میں 801 ممنوعہ مواد، 108 منشیات کی اقسام، 72 مالی رقوم، 11 ہتھیار اور ان کے لوازمات شامل ہیں‘۔
’اس کے علاوہ 2350 ایسی اشیا اور مصنوعات بھی پکڑی گئیں جو قوانین کے خلاف تھیں‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’یہ کامیابیاں اس کے عملے کی تیاری اور سمگلنگ کے تمام طریقوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہیں‘۔
محکمہ زکاۃ، ٹیکس اور کسٹم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تعاون کریں اور کسی بھی سمگلنگ کی کوشش کی صورت میں اطلاع دیں تاکہ معاشرے اور قومی معیشت کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔