Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں برسوں بعد طویل ترین مکمل چاند گرہن کل، دورانیہ کتنا ہوگا؟

مکمل گرھن 82 منٹ تک جبکہ جزوی گرھن 3 گھنٹے 29 منٹ تک رہے گا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب میں برسوں بعد طویل ترین دورانیے کا چاند گرھن اتوار 7 ستمبر کو ہو گا۔
گرھن جزوی اور مکمل ہو گا جس کا نظارہ مملکت سمیت متعدد ایشیائی ممالک، اسٹریلیا ، یورپ کے کچھ حصوں اور افریقا میں کیا جاسکے گا۔
عاجل نیوز کے مطابق ماہر فلکیات انجینئرماجد ابوزھرہ کا کہنا ہے’ گرھن کو طویل ترین اس لیے کہا جارہا ہے کہ اس کا دورانیہ 5 گھنٹے 27 منٹ پر محیط ہو گا جو دو مراحل پر مشتمل ہے۔‘
’پہلے مرحلے میں جزوی گرھن ہو گا اس کے بعد مکمل گرھن جس کا مشاہدہ کسی آلے کے بغیر بھی کیا جاسکے گا۔‘
ابوزھرہ کا مزید کہنا تھا ’سال 2018 کے بعد یہ طویل ترین گرھن ہے جو دو مرحلوں میں ہوگا۔ مکمل گرھن 82 منٹ تک ہوگا جبکہ جزوی گرھن 3 گھنٹے 29 منٹ تک رہے گا۔
 ابوزھرہ کا کہنا تھا’ چاند گرہن مکہ کے وقت کے مطابق شام 6:28 پرشروع ہو گا۔ مکمل گرھن کا خاتمہ 9:45 پر ہوگا۔‘
’ جزوی گرھن کا دوسرا مرحلہ 10:56 تک جاری رہے گا، اس کے بعد مرحلہ وار چاند روشن ہو جائے گا۔‘

اتوار کی رات مکمل گرہن کے دوران ’خونی چاند‘ دیکھنے کا موقع ملے گا (فوٹو: اے ایف پی)

 چاند گرہن کا یہ مشاہدہ غیرمعمولی ہو گا۔ اس لیے اس فلکیاتی امور میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے یہ مشاہدہ ایک تاریخی حیثیت کا حامل ہوگا۔
 اتوار کی رات مکمل چاند گرہن کے دوران ’خونی چاند‘ دیکھنے کا موقع ملے گا، جو ایشیا، یورپ کے کچھ حصوں اور افریقہ میں نظر آئے گا۔
 اے ایف پی کے مطابق جب سورج، زمین اور چاند ایک سیدھ میں آ جاتے ہیں تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے، جس کی وجہ سے چاند ایک عجیب، گہرے سرخ رنگ کا نظر آتا ہے۔ یہ منظر صدیوں سے انسانوں کو حیران کرتا آیا ہے۔
یاد رہے سال رواں کا پہلا مکمل چاند گرہن جمعہ 14 مارچ کو ہوا تھا تاہم  یہ سعودی عرب میں نہیں دیکھا گیا تھا۔

 

شیئر: