Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتوار کی رات مکمل چاند گرہن کے دوران ’خونی چاند‘ طلوع ہوگا

مکمل چاند گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 10:30 بجے سے لے کر آدھی رات کے قریب تک جاری رہے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فلکیات کے شوقین افراد کو اتوار کی رات مکمل چاند گرہن کے دوران ’خونی چاند‘ دیکھنے کا موقع ملے گا، جو ایشیا، یورپ کے کچھ حصوں اور افریقہ میں نظر آئے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابقن جب سورج، زمین اور چاند ایک سیدھ میں آ جاتے ہیں تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے، جس کی وجہ سے چاند ایک عجیب، گہرے سرخ رنگ کا نظر آتا ہے۔ یہ منظر صدیوں سے انسانوں کو حیران کرتا آیا ہے۔
اتوار کے دن مکمل چاند گرہن ایشیا خصوصاً انڈیا اور چین میں سب سے بہتر طور پر دیکھا جا سکے گا۔ یہ گرہن افریقہ کے مشرقی کنارے اور مغربی آسٹریلیا میں بھی دکھائی دے گا۔
گرین وچ معیاری ٹائم کے مطابق مکمل چاند گرہن 1730 سے 1852 تک جاری رہے گا۔
یورپ اور افریقہ کے لوگوں کو چاند طلوع ہونے کے وقت شام کے اوائل میں جزوی گرہن دیکھنے کا مختصر موقع ملے گا، جب کہ امریکہ میں یہ نظارہ نظر نہیں آئے گا۔
ماہرِ فلکیات ریان ملیگن، جو نادرن آئرلینڈ کی کوئینز یونیورسٹی بیلفاسٹ سے وابستہ ہیں، کے مطابق چاند گرہن کے دوران چاند سرخ اس لیے نظر آتا ہے کیونکہ اس تک پہنچنے والی سورج کی روشنی زمین کے ماحول سے گزر کر آتی ہے، جہاں وہ بکھرتی اور جھلکتی ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ نیلی روشنی کی لہریں سرخ روشنی کے مقابلے میں چھوٹی ہوتی ہیں، اس لیے وہ زمین کے ماحول میں زیادہ بکھر جاتی ہیں۔ ’اسی لیے چاند کو سرخ، خونی رنگ ملتا ہے۔‘
جہاں سورج گرہن کو محفوظ طریقے سے دیکھنے کے لیے خصوصی چشمے یا پن ہول پروجیکٹر کی ضرورت ہوتی ہے، وہیں چاند گرہن کو دیکھنے کے لیے صرف صاف موسم اور صحیح مقام پر ہونا کافی ہے۔
اس سال مارچ میں آخری مکمل چاند گرہن ہوا تھا، اس سے پہلے 2022 میں ہوا تھا۔

اگلے سال 12 اگست 2026 کو ایک نایاب مکمل سورج گرہن یورپ کے ایک مختصر حصے میں دیکھا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ملیگن، جو خود کو ’سورج گرہن کا پیچھا کرنے والا‘ کہتے ہیں، نے اتوار کے اس واقعے کو اگلے سال ہونے والے ایک بڑے واقعے کا پیش خیمہ قرار دیا۔
اگلے سال 12 اگست 2026 کو ایک نایاب مکمل سورج گرہن یورپ کے ایک مختصر حصے میں دیکھا جائے گا، جب چاند سورج کی روشنی کو مکمل طور پر ڈھانپ لے گا۔
ملیگن پچھلے ایک دہائی سے دنیا بھر میں سفر کر کے 12 مکمل سورج گرہن دیکھ چکے ہیں۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب چاند مکمل طور پر سورج کو چھپا لیتا ہے۔
اگلے سال کا مکمل سورج گرہن، جو 2006 کے بعد یورپ میں پہلا ہو گا، صرف سپین اور آئس لینڈ میں مکمل طور پر نظر آئے گا، جبکہ دیگر ممالک میں جزوی گرہن دیکھا جا سکے گا۔
سپین میں مکمل گرہن تقریباً 160 کلومیٹر (100 میل) کے علاقے میں دیکھا جا سکے گا جو میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان ہے، لیکن ملیگن کے مطابق، ان دونوں شہروں میں مکمل منظر نظر نہیں آئے گا۔
یہ 2024 کے اپریل میں شمالی امریکہ میں نظر آنے والے مکمل سورج گرہن کے بعد پہلا مکمل سورج گرہن ہوگا۔

شیئر: