عازمین کے لیے ’کیٹرنگ سروس‘ کو بہتر بنانے کےلیے وزارتِ حج کا اجلاس
عازمین کی رہائش اورفراہم کی جانے والی نقل و حمل کی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا (فوٹو، ایکس )
وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی کیٹرنگ سروس کے معیار کو بہتر بنانے کےلیے ’کیٹرنگ تھون‘ چیلنج کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مکہ مکرمہ میں وزارت کے مرکزی ہیڈ کواٹر میں ہونے والے اجلاس میں نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط ، وزارت کے سیکرٹری برائے حج وعمرہ سروسز ڈاکٹر عمرو المداح کے علاوہ مقامی کمپنیوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
اس حوالے سے وزارت کا کہنا تھا کہ ’کیٹرنگ تھون‘ چیلنج کا مقصد عازمین حج کو فراہم کی جانے والی خورونوش کی خدمات کو مزید بہتر ومثالی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور کرتے ہوئے ایسے افکار پیش کیے جائیں جن پرعمل کرنا آسان اور معیار بلند ہو۔
اجلاس میں عازمین حج کے لیے پائیدار حل کے عنوان سے تیسرے ایڈیشن کا بھی آغاز کیا گیا جس کے تحت عازمین کی رہائش اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کےلیے ماہرین سے تجاویز طلب کی گئیں ۔