ولی عہد مجلس شوری کے سالانہ افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے
شوری کونسل نے گزشتہ برس 41 اجلاس منعقد کیے (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نیابت کرتے ہوئے ولی عہد مملکت و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کل بروز بدھ مجلس شوری کے نویں سالانہ سیشن کے افتتاحی اجلاس سے خصوصی خطاب کریں گے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق شوری کونسل کے اسپیکر شیخ ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ نے اس حوالے سے کہا کہ کونسل کے سالانہ افتتاحی اجلاس سے کیا جانے والا شاہی خطاب انتہائی اہم ہوتا ہے جس میں داخلی و خارجہ پالیسی کے علاوہ مستقبل کے لیے ہدایات ہوتی ہیں جن سے شوری کونسل کو قانون سازی اور نگرانی و دیگر امورکی انجام دہی کے لیے رہنمائی ملتی ہے۔
آل الشیخ نے مزید کہا شاہی خطاب مملکت کی تعمیر وترقی کے تسلسل کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے گزشتہ پارلیمانی سال کے اجلاسوں کے حوالے سے بتایا کہ مجلس شوری نے 41 اجلاسوں میں قوامی امور کے حوالے سے 462 فیصلے کیے اسی مدت میں شوری کی خصوصی کمیٹیوں نے 315 اجلاس بھی منعقد کیے جن میں سرکاری اداروں کی سالانہ رپورٹوں سمیت متعدد امور زیر غور آئے۔