سعودی وزیر داخلہ کا قطری ہم منصب سے رابطہ
جمعرات 11 ستمبر 2025 9:50
’برادر ملک قطر کی بھرپور حمایت کے لیے تمام وسائل وقف کرنے کی ہدایت ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود بن نایف بن عبد العزیز نے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ عبد العزیزبن سعود بن نایف نے واضح کیا ہے کہ سعودی قیادت نے برادر ملک قطر کی بھرپور حمایت کے لیے تمام وسائل وقف کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی قیادت نےقطر کے امن، استحکام اور شہریوں کی سلامتی کے تحفظ میں ساتھ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے‘۔
سعودی وزیر داخلہ نے قطری ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے نے قطر کے ساتھ مملکت کے مکمل یکجہتی کا اعادہ بھی کیاہے۔
مزید برآں انہوں نے داخلی سلامتی فورس کے ایک اہلکار کی وفات پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے جو حالیہ جارحیت میں ہلاک ہوا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی متوفی اہلکار پر اپنی وسیع رحمت فرمائے، اسے جنت الفردوس میں جگہ دے، لواحقین اور ساتھیوں کو صبر و حوصلہ عطا کرے، زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب فرمائے اور قطر کو ہمیشہ امن و استحکام سے نوازے۔
دوسری جانب سے قطری وزیر داخلہ نے شہزادہ عبد العزیز کا شکریہ ادا کیا اور ان کے مخلصانہ برادرانہ جذبات اور سعودی عرب کے ثابت قدم مؤقف کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’قطر، سعودی عرب کے ساتھ قائم گہرے اور مستحکم برادرانہ تعلقات پر فخر کرتا ہے‘۔