Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی حملے پر ہنگامی عرب، اسلامی سربراہی اجلاس اتوار کو دوحہ میں ہوگا

قطری دارالحکومت دوحہ میں آئندہ اتوار اور پیر کو ہنگامی عرب، اسلامی سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔
عرب نیوز نے قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ سربراہی اجلاس میں اسرائیلی حملے اور حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب، مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی دوحہ پہنچے، جہاں انہوں نے حماس رہنماؤں پر اسرائیلی حملے کے بعد قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
عبدالعاطی کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات بھی ہوئی۔
قبل ازیں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی قطر سے اظہار ہمدردی کے لیے دوحہ پہنچے تھے۔ انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات میں اُن کو اسرائیل کے حملے کے بعد اپنے ملک کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
جمعرات کو ایک روزہ دورے کے دوران دوحہ میں قطر کے امیر سے ملاقات میں پاکستان کے وزیراعظم نے اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔
اسلام آباد میں پرائم منسٹر آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ ’پاکستان کی قیادت اور عوام کو برادر ملک قطر کے خلاف حملے پر سخت تشویش ہے جو بین الاقوامی قوانین کے منافی کارروائی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان اس مشکل وقت میں امیر قطر، شاہی خاندان اور قطر کے برادر عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے اسرائیل کے اس وحشیانہ اور گھناؤنے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

شیئر: