Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ نے مسلسل پانچویں بار ’ورلڈ کلاس ایئرلائن‘ ایوارڈ حاصل کرلیا

’ایئرلائن آئندہ چند برسوں میں 116 نئے طیارے شامل کرے گی۔ (فوٹو عاجل نیوز)
سعودی ایئرلائنز ’السعودیہ‘ نے مسلسل پانچویں بار ’ایپکس ورلڈ کلاس ایئرلائنز 2026‘ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق یہ اعزاز اسے مسافروں کے فضائی تجربات کی عالمی تنظیم ’ایپکس‘  (APEX) کی جانب سے دیا گیا ہے۔
السعودیہ کو یہ اعزاز ایک باوقار تقریب کے دوران دیا گیا جس میں دنیا بھر کی نمایاں ایئرلائنز نے شرکت کی۔ سعودی ایئرلائنز کی جانب سے یہ کامیابی ادارے کی نئی حکمت عملی اور مسافروں کے سفر کو آرام دہ ، محفوظ اور یادگار بنانے کی کوششوں کو قرار دی جارہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی السعودیہ  نے مسلسل دوسرے سال بھی ’مہمانوں کے تجربے میں بہترین خدمات کا خصوصی ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔
ایوارڈ کی بنیاد پیشہ ورانہ ججوں کے پینل کی جانب سے مقرر کردہ سخت معیار، فضائی سلامتی، جدید سہولیات، آرام دہ سفر، پائیداری اور مسافروں کی آرا پر رکھی گئی ہے۔
سعودی ایئرلائنز میں ’گیسٹ ایکسپیرینس‘ کے سربراہ روسن دیمیتروف نے کہا کہ ’یہ ایوارڈز سعودی ایئرلائنز کے ملازمین کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور سعودی مہمان نوازی کی عکاسی کرتے ہیں ہم نے ہر مرحلے کو مسافروں کے لیے بہتر بنانے پر توجہ دی ہے‘۔
دیمیتروف نے کہا کہ  ’ایئرلائن آئندہ چند برسوں میں 116 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرے گی۔ نئے طیاروں میں کشادہ نشستیں، جدید انٹرٹینمنٹ سسٹم، تیز رفتار انٹرنیٹ اور براہ راست نشریات کی سہولیات شامل ہوں گی‘۔
 

 

شیئر: