Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرانسپورٹ کے نئے ضوابط جاری، خلاف ورزی پر 20 ہزار ریال جرمانہ

نئے ضوابط ٹرانسپورٹ اور مسافروں کی سلامتی کے  لیے ہیں۔ (فوٹو عربین بزنس)
جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پیر کو ٹرانسپورٹ کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان کر دیا۔ غیر قانونی طریقے سے ٹرانسپورٹ کا کام کرنے پر11 سے 20 ہزار ریال تک کے جرمانے ہوں گے۔
اخبار 24 کے مطابق ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نئے ضوابط میں دو نکات پر توجہ دی گئی ہے جن کے تحت غیرقانونی طریقے سے (نجی گاڑیوں کو ٹیکسی بنانا)، غیرقانونی طریقے سے سواریاں اٹھانا اور عوامی مقامات پر آواز دے کر سواریوں کو اپنی جانب راغب کرنا شامل ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو سواریوں کو بٹھانے کے لیے عوامی مقامات یا شاہراہوں پر آواز لگائیں گے ان پر 11 ہزار ریال جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گاڑی کو 25 دن  کے لیے پولیس یارڈ میں جمع کرا دیا جائے گا جبکہ بغیر لائسنس کے سواریاں اٹھانے پر جرمانہ 20 ہزار ریال اور گاڑی 60 دن کے لیے پولیس تحویل میں رہے گی۔
اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ  ضبط کی جانے والی غیرقانونی گاڑی کو نیلام اور مرتکب غیرملکی ہونے کی صورت میں اسے ملک بدر کیا جاسکتاہے ۔
اتھارٹی کی جانب سے یقین دلایا گیا ہے کہ جاری کیے جانے والے نئے ضوابط ٹرانسپورٹ اور مسافروں کی سلامتی کے  لیے کیے گئے ہیں تاکہ  اس شعبے سے غیرقانونی افراد کا خاتمہ اور مسافروں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔

 

 

شیئر: