ملک کے 7 ریجنوں میں موسمی الرٹ جاری، بارش اور تیز ہوا
’طائف، خرمہ، المویہ، تربہ، رنیہ، اللیث، القنفذہ، المظیلف اور دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے آج منگل کو ملک کے 7 ریجنوں کے لیے نئے موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ریجنوں میں درمیانی سے شدید بارش، تیز ہوائیں اور حدِ نگاہ میں کمی ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے سیلابی ریلوں اور بجلی کی چمک کے امکانات بھی ظاہر کئے ہیں جبکہ رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن میں طائف، خرمہ، المویہ، تربہ، رنیہ، اللیث، القنفذہ، المظیلف، اضم، بنی یزید، جدم، میسان، یلملم اور العرضیات سمیت کئی علاقوں کو بارش کا امکان ہے‘۔
’توقع ہے کہ درمیانی درجے کی بارش تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہوگی، ساتھ ہی ژالہ باری، سیلابی ریلے اور کچھ مقامات پر سمندری لہروں کے بلند ہونے کا خدشہ ہے‘۔
’تبوک ریجن میں الوجہ اور املج میں تیز ہوا اور حد نگاہ میں کمی ہوگی جبکہ یہ کیفیت شام 5 بجے تک رہے گی‘۔
’الباحہ ریجن میں بھی بارش کی توقع ہے جو الباحہ شہر کے علاوہ العقیق، القری، المندق، بلجرشی، بنی حسن، المخواہ، قلوہ اور الحجرہ میں ہوگی‘۔
’یہ کیفیت رات 9 بجے تک رہے گی جس کے ساتھ تیز ہوائیں اور حدِ نگاہ متاثر ہوگی‘۔
عسیر ریجن میں ابہا، احد رفیدہ، خمیس مشیط، النماص، بلقرن، تنومہ، الحرجہ، الفرشہ، سراة عبیدہ، ظہران الجنوب، المجاردہ، بارق، رجال المع، محايل، البرک اور القحمہ جیسے وسیع علاقوں پر موسمی اثرات ہوں گے‘۔