Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس، قطر سے اظہار یکجہتی

سعودی ولی عہد نے کابینہ ارکان کو دوحہ کانفرنس کے حوالے سے آگاہ کیا (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی کابینہ کا اجلاس ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منگل کو ریاض میں منعقد ہوا جس میں قطر میں ہونے والی دونوں کانفرنسز کی کارروائی کوسراہتے ہوئے اسرائیلی حملے کی مذمت اورقطر کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کابینہ اجلاس کی کارروائی کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے آغاز میں ارکین کابینہ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کو مجلس شوری کے نویں قانون ساز سال کے افتتاح پر مبارک باد پیش کی ۔ ارکین نے شاہی خطاب میں شامل نکات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست کی مضبوط بنیادوں، کامیابیوں اور ترقی کے سفر کی عکاسی کرتے ہیں جن کا مقصد شہریوں کی فلاح اور ورطن کو مختلف شعبوں میں قائدانہ مقام دلانا اور خطے میں امن و استحکام کو بنانا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کابینہ ارکان کو خلیج تعاون کونسل کی سپریم کمیٹی کے غیرمعمولی اجلاس اور عرب و اسلامی سربراہی غیرمعمولی کانفرنس میں اپنی شرکت کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ ارکین وزرا کونسل نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ’اعلان نیویارک‘ کی منظوری کا خیر مقدم کیا جو فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل اوردوریاستی حل پرعمل درآمد کے حوالے سے بین الاقوامی اعلی سطح کانفرنس کے تحت سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں پیش کیا گیا تھا
ارکین کابینہ نے سعودی عرب، مصر ، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے وزارائے خارجہ کے مشترکہ بیان کی بھی تائید کی جس کا مقصد سوڈان میں امن کی بحالی اور انسانی بحران کے خاتمے کی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ سعودی عرب جمہوریہ شام کی معیشت کی بحالی میں تعاون جاری رکھے گا اس ضمن میں شامی بھائیوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کےلیے ملک کو 16 لاکھ 50 ہزار بیرل خام تیل بطور امداد فراہم کرنے کے فیصلے کو سراہا گیا۔

 شام کی معیشت کی بحالی میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا( فوٹو، ایس پی اے)

کابینہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے 69 ویں اجلاس میں اپنی شمولیت کے ذریعے قومی ایٹمی توانائی کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے عزم پر قائم ہے جس کا مقصد سائنسی ترقی ، انسانی صلاحیتوں کا اضافہ اور اقتصادی خوشحالی ہے۔
اجلاس کے آخر میں ارکین کابینہ نے ایجنڈے میں شامل مختلف امور کا جائزہ لیا اورمجلس شوری کی جانب سے سیاسی وسلامتی امور کی کونسل ، معاشی و ترقیاتی امور کی کونسل کے حوالے سے دی گئی سفارشات پر غور کیا گیا علاوہ ازیں مختلف امور پر ضروری فیصلے بھی کیے گئے۔
ارکین کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور وزارتوں کے ذمہ داران کو اختیارات تفویض کیے  جن میں قومی مرکز برائے سبزہ اور ڈیزرٹیفیکشن کو جمہوریہ چین کے ساتھ مفاہتی یادداشت پر دستخط کرنے کا اختیار دیا گیا۔

 

 

شیئر: