دمام میں عالمی یوم کھجور کی مناسبت سے سیمینار
کھجور کا درخت اور محولیاتی پائیداری کے عنوان سے سیمینار منعقد کیاگیا(فوٹو، ایکس )
سعودی عرب کے شہر دمام میں عالمی یوم عربی کھجور کی مناسبت سے ثقافتی پروگرام اور ورکشاپس کا اہتمام ’ثقافی گھر‘ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ہر برس 15 ستمبر کو ’عربی کھجور‘ کا عالمی دن منایا جاتا ہے اس حوالے سے مختلف علاقوں میں ثقافتی پروگرام اور سیمنارز وغیرہ منعقد کیے جاتے ہیں۔
اس حوالے سے دمام میں مقامی ثقافتی انجمن کے تحت ’کھجور کا درخت اور ماحولیاتی پائیداری‘ کے عنوان ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں ماحولیاتی بہتری اور ترقی کے لیے کھجور کے درختوں کے اہم کردار اور افادیت کو اجاگر کیا گیا۔
پروگرام میں کھجور کے درخت کی کاشت کو ماحول کے لیے مفید اورغذائی تحفظ کا بھی اہم ذریعہ قرار دیا گیا۔ اس حوالے سے کھجور کے درختوں کی بہتر انداز میں نگہداشت کے اور ان کی باقیات سے استفادہ کے طریقوں کو بھی بیان کیا گیا ۔
سیمینار اور نمائش میں کھجور کے درخت کے پتوں سے بنائی جانے والی علاقائی روایتی دستکاری کی اشیا کی بھی نمائش کی گئی ۔
