ماریطانیا میں 70 ملین ڈالر لاگت کا کنگ سلمان ہسپتال
’ہسپتال میں 300 بستروں کی گنجائش اور خصوصی کلینکس اور جدید سہولیات شامل ہوں گی‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے چیف ایگزیکٹیو سلطان بن عبد الرحمن المرشد نے جمہوریہ ماریطانیا کے صدر محمد ولد الشيخ الغزوانی کی موجودگی میں دار الحکومت نواکشوط میں کنگ سلمان ہسپتال کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ منصوبہ سعودی حکومت کی طرف سے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ذریعے فراہم کردہ 70 ملین ڈالر کے عطیے سے مکمل کیا جا رہا ہے جو ماریطانیا میں صحت کے شعبے کی معاونت اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لئے ہے۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعظم المختار ولد اجای، وزیر صحت ڈاکٹر عبداللہ سیدی محمد وديہ اور سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز بن عبداللہ الرقابی سمیت متعدد حکام نے شرکت کی ہے۔

یہ منصوبہ مکمل طبی ادارے کی حیثیت رکھتا ہے جس میں 300 بستروں کی گنجائش ہوگی اور اس میں خصوصی کلینکس اور جدید سہولیات شامل ہیں جن میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، زچہ و بچہ یونٹ، اطفال وارڈ، آئی سی یو، گردوں کے امراض کے علاج کے مراکز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ یہ منصوبہ طبی عملے اور صحت کے شعبے کے طلبہ کی تربیت و قابلیت میں اضافہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔