عسیر ریجن کے 18 کمشنریوں میں سکول بند، بارش کا خدشہ
’طلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے آج تدریسی عمل آن لائن ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
عسیر ریجن کے محکمہ تعلیم نے موسلادھار بارش کے خدشے کے باعث 18 کمشنریوں میں آج بدھ کو سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ عسیر ریجن کی متعدد کمشنریوں میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوگی۔
محکمہ تعلیم نے کہاہے کہ ’طلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے آج تدریسی عمل آن لائن ہوگا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’اساتذہ کے علاوہ تمام سکولوں کا انتظامی عملہ بھی آن لائن ڈیوٹی دے گا‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے عسیر کے علاوہ جازان، الباحہ اور نجران کے لیے بھی موسمی الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’آج متعدد شہروں میں تیز ہوا چلے گی جبکہ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کی کیفیت کا امکان ہے‘۔
’بالائی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی جس کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔