وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے عزیز بھائی کی جانب سے دیے گئے شاندار استقبالیے پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم نے جمعرات کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’رائل سعودی ایئرفورس کے طیاروں کی جانب سے میرے جہاز کو اپنے حصار میں لینے اور سعودی مسلح افواج کے گارڈ آف آنر پیش کرنے تک، یہ استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا اظہار ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والی خوشگوار ملاقات میں وسیع امور پر تبادلہ خیال ہوا، علاقائی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
مزید پڑھیں
-
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئےNode ID: 894721
خیال رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بدھ کو ریاض میں ہونے والی تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان ’سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کیے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ولی عہد کی جانب سے مسلم دنیا کو فراہم کردہ ویژن اور قیادت کو بے حد سراہتا ہوں۔
باہمی دلچسپی کے امور کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور کاروباری تعلقات میں توسیع کے حوالے سے ولی عہد کی مسلسل حمایت اور دلچسپی قابل قدر ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام میں وزیراعظم نے کہا ان کی دعا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی پھلتی پھولتی رہے اور عظمت کی نئی بلندیوں کو چھوئے۔
اہم نوعیت کے سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کے موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سمیت سعودی کابینہ کے دیگر ارکان موجود تھے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر کابینہ ارکان بھی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔
Deeply touched by the heart warming welcome, accorded to me by my dear brother HRH Prince Mohammed bin Salman, Crown Prince and Prime Minister of Saudi Arabia, on my official visit to Riyadh.
From the unprecedented escort provided to my aircraft by the Royal Saudi airforce jets… pic.twitter.com/RZvkOSQbF1
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 18, 2025
دونوں ممالک کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق ’اس معاہدے کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کی جائے گی۔‘
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا مقصد مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔‘
’یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے، خطے، دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔‘











