افغانستان ایشیا کپ سے باہر، سری لنکا نے چھ وکٹوں سے شکست دی
افغانستان ایشیا کپ سے باہر، سری لنکا نے چھ وکٹوں سے شکست دی
جمعرات 18 ستمبر 2025 22:20
سری لنکا نے جمعرات کو ایشیا کپ کے ایک اہم میچ میں افغانستان کو ہرا کر ایشیا کپ سے باہر کر دیا۔
سری لنکا نے 170 رنز کا مشکل ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے افغانستان کو نہ صرف ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا بکہ سپر فور کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا۔
ہدف کے تعاقب میں وکٹ کیپر کشال مینڈس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر ناقابلِ شکست 74 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے شامل تھے۔
بطور اوپنر مینڈس نے افغانستان کے چار سپنرز پر مشتمل خطرناک اٹیک کے خلاف سنبھل کر کھیل کا آغاز کیا، اور پھر کامندو مینڈس کے ساتھ صرف 23 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دار شراکت قائم کی۔
میچ کا آغاز افغان بیٹنگ کے خلاف نُوان تُشارا کی تباہ کن بولنگ سے ہوا، جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کر کے افغانستان کے ٹاپ آرڈر کو ہلا کر رکھ دیا۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن تُشارا نے اپنے دوسرے اوور میں دو وکٹیں حاصل کر کے انہیں مشکلات میں ڈال دیا۔ وہ 4 اوورز میں صرف 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اگرچہ آخری اوور میں افغانستان کا سکور7 وکٹوں پر 137 رنز تھا، لیکن محمد نبی نے میچ کا رخ پلٹ دیا۔
محمد نبی نے صرف 22 گیندوں پر 60 رنز بنائے، جس میں تین چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تجربہ کار آل راؤنڈر نے آخری اوور میں 32 رنز جڑ دیے اور اپنی ٹیم کو 169 رنز کے مقابلتاً بہتر مجموعے تک پہنچایا۔
ڈُنتھ ویلالاگے، جو نومبر 2024 کے بعد اپنا پہلا ٹی20 کھیل رہے تھے، نے محمد نبی کا کیچ پانچ رنز پر چھوڑا، جو سری لنکا کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ ویلالاگے کو جب آخری اوور دیا گیا، تو نبی نے ان کے اوور میں پانچ چھکے مارے، جو ٹی20 میں کسی سری لنکن بولر کا دوسرا مہنگا ترین اوور ثابت ہوا۔
محمد نبی نے صرف 22 گیندوں پر 60 رنز بنائے، جس میں تین چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔